لکھنؤ۔ نئے زرعی قوانین کی واپسی کے بعد پیر سے شروع ہورہے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے سلسلے میں بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ حکومت یوم آئین پر عوام سے کئے گئے وعدوں کو نہیں بھولے گی اور کسانوں کے سبھی مسائل پر غور کرے گی۔ مایاوتی نے اتوار کو ٹوئٹ کیا’ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس کل سے شروع ہورہا ہے ۔ اس دوران تین دن قبل یوم آئین پر عوام سے کئے گئے اپنے وعدوں کو حکومت نہیں بھولے گی بلکہ انہیں صحیح ڈھنگ سے نبھائے گی بھی۔ یہی ملک کو توقع ہے ۔ حکومت بھی اپنی جانب سے ایوان کو پورے اعتماد میں لے کر ہی کام کرے تو یہ بہتر ہوگا۔ بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ زرعی قوانین جیسے مفاد عامہ کے مسائل پر قانون بناتے وقت اس سے پڑنے والے اثرات پر غور نہ کرنا ایک اہم سوال بن گیا ہے جسکی جانب عدلیہ بار بار اشارہ کررہی ہے ۔ اس پر بھی مرکز کو ضرور دھیان دینا چاہئے تاکہ نئے قوانین کے سلسلے میں ملک کو آگے غیرضروری ٹکراؤ سے بچایا جاسکے ۔