حیدرآباد۔/25 جولائی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کے بارے میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ پر گمراہ کن معلومات عام کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایز آف ڈوئنگ بزنس کے تحت تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا دعویٰ کیا گیا اور کے ٹی آر نے غلط اعداد و شمار کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایس آئی پاس کے تحت حکومت کی جانب سے غلط معلومات کی فراہمی کو فورم فار گڈ گورننس نے بے نقاب کیا ہے۔ قانون حق معلومات کے تحت فورم فار گڈ گورننس نے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے برسر عام کیا جس کے تحت سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع سے متعلق دیئے گئے اعداد و شمار غلط تھے۔ سرمایہ کاری اور روزگار کی حقیقی صورتحال سے زیادہ ٹی ایس آئی پاس پر دعوے کئے گئے۔ فورم فار گڈ گورننس کے پدمنابھ ریڈی کے مطابق جو ملازمتیں موجود نہیں ہیں انہیں بھی پیش کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے میڈیا میں شائع شدہ رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’ ڈرامہ راؤ ‘‘ نے جو نیا ڈرامہ کیا ہے تلنگانہ عوام کو سمجھنا چاہیئے۔