حیدرآباد ۔10۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سرمایہ کاری کرنے پر بھاری منافع کا جھانسہ دے کر کروڑہا روپئے ہڑپنے والے ایک دھوکہ باز کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ الجبیل کالونی چندرائن گٹہ کے ساکن محمد جیلانی شریف نے سی سی ایس سے ایک شکایت درج کراتے ہوئے بتایا کہ محمد جہانگیر عرف واجد علی نے ’’انصار پرفیومس اینڈ کاسمیٹکس‘‘ اور ’’انصار کیپٹل سولیوشنس‘‘ میں سرمایہ کاری کے نام پر بھاری منافع کا وعدہ کرتے ہوئے چار کروڑ روپئے حاصل کرلئے ۔ پولیس نے بتایا کہ جہانگیر علی اور اس کے دو ساتھیوں نے حیدرآباد اور سائبرآباد میں بھی عوام کو دھوکہ دیا ہے جس کے نتیجہ میں اس کے خلاف تین علحدہ مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس سی سی ایس نے جہانگیر علی کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزم کو پولیس نے عدالت میں پیش کردیا۔