حیدرآباد /20 جنوری ( سیاست نیوز ) اسٹاک مارکٹ میں سرمایہ داری پر زائد منافع دینے کا لالچ دیکر عوام کو لوٹنے والے دو افراد کو سی ایس ایس حیدرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے 42 سالہ فیاض محمود انصاری اور 43 سالہ حامد علی ساکنان بھیونڈی ممبئی مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا ۔ ان کے خلاف پولیس نے الجبیل کالونی کے ساکن جیلانی کی شکایت پر مقدمہ درج کیا تھا اور ان افراد کی پولیس کو تلاش تھی ۔ جبکہ ان کا ایک اور ساتھی جہانگیر عرف واجد مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ افراد ستمبر 2019سے فرار تھے ۔ جنہیں پولیس نے بالاخر گرفتار کرلیا ۔ شیر مارکٹ میں رقم سرمایہ کاری کرنے پر زائد مقدار میں منافع کا انہو ںنے گراہکوں کو لالچ دیا تھا ۔ انہوں نے انصاری کیاپٹل سولوشن اور انصاری پرفیومس اینڈ کاسمیٹک کے نام پر کاروبار شروع کیا تھا اور 100 گراہکوں سے تقریباً 10 کروڑ روپئے حاصل کئے تھے ۔
