ملزم کے خلاف متعدد مقدمات ، پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔ رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری پر زائد منافع دینے اور مختلف انداز سے شہریوں کو دھوکہ دینے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے 49 سالہ انور پٹیل ساکن پہاڑی شریف کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپئے مالیتی تین گاڑیاں اور سیل فون کو ضبط کرلیا۔ ایک فینانس کمپنی کے مالک کی شکایت پر ایس او ٹی نے کارروائی انجام دی۔ انور پٹیل کے خلاف سریش چند جین نے شکایت کی تھی۔ فرضی رقمی ٹی ویژن کے ذریعہ لون حاصل کیا تھا جبکہ ایک اور ڈاکٹر غوث محی الدین خورشید ساکن گولکنڈہ حیدرآباد سے سال 2016 میں رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کیلئے 75 لاکھ روپئے حاصل کیا اور انہیں زائد منافع کا جھانسہ دیا۔ پولیس کے مطابق انور پٹیل ان دو مقدمات کے علاوہ دیگر 7 مقدمات میں ملوث ہے۔پہاڑی شریف ، نارائن گوڑہ، بالا پور ، راجندر نگر اور چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ پہاڑی شریف پولیس نے ایک ہی طرح کے جرائم میں بار بار ملوث اس شخص کے خلاف روڈی شیٹ کھولنے کی تیاری کرلی ہے اور پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔