سرنگوں کے وجود سے متعلق اسرائیل کے دعوے اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش : مصر

   

قاہرہ: مصر میں ایک اعلی سطح کے ذمے دار نے اس دعوے کی تردید کی ہے جس میں اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اسے غزہ کی پٹی اور مصر کے درمیان سرحد پر پھیلی ہوئی راہداری ‘صلاح الدین’ (فلاڈلفیا) کے علاقے میں درجنوں سرنگیں ملی ہیں۔مذکورہ ذمے دار نے پیر کے روز ‘القاہرہ’ نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ جو کچھ کہا جا رہا ہے وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ درحقیقت اسرائیل غزہ میں کامیابی حاصل نہیں کر سکا۔ اس چیز نے اسے سرنگوں کی موجودگی کے حوالے سے دعوے کرنے پر مجبور کر دیا تا کہ وہ غزہ کی پٹی میں جارحیت جاری رکھنے کا جواز پیش کر سکے ذمہ دار نے باور کرایا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی کی سرحد پر فعال سرنگوں کے وجود کا ثبوت پیش نہیں کیا۔ مزید یہ کہ وہ سیاسی اہداف حاصل کرنے کیلئے غزہ میں بند سرنگوں کے حوالے سے غلط دعوے پھیلا رہا ہے۔