سرواسکھشا ابھیان میں منتقل فنڈ دوبارہ واپس ہوگا

   

ایس ٹی یو صدر محمد افتخار الدین کی نمائندگی پر صدر اردو اکیڈیمی خواجہ مجیب الدین کا تیقن
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : اسٹیٹ ٹیچرس یونین ( ایس ٹی یو ) ضلع حیدرآباد کے صدر محمد افتخار الدین کی قیادت میں ایک وفد نے صدر نشین اردو اکیڈیمی خواجہ مجیب الدین سے ملاقات کی ۔ اردو میڈیم سرکاری اسکولس میں انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کے لیے اردو اکیڈیمی کی جانب سے جاری کردہ رقم سرواسکھشا ابھیان اکاونٹ میں منتقل ہوجانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی ۔ جس پر صدر نشین اردو اکیڈیمی نے کہا کہ اس پر اردو اساتذہ اور ٹیچرس تنظیموں کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس سلسلہ میں سرواسکھشا ابھیان کے اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور بہت جلد مسئلہ کی یکسوئی ہوجانے کا تیقن دیا ۔ اس کے علاوہ ضلع حیدرآباد ایس ٹی یو کے صدر محمد افتخار الدین نے صدر نشین اردو اکیڈیمی سے اپیل کی وہ اردو میڈیم اسکولس کے طلبہ کے لیے اسکالر شپس کی اسکیم دوبارہ شروع کرنے اور اردو میڈیم ٹیچرس کے لیے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ تقریب منعقد کرنے کے بارے میں بھی نمائندگی کی جس پر خواجہ مجیب الدین نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت اردو کو ترقی دینے اردو میڈیم سرکاری اسکولس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے معاملے میں عہد کی پابند ہے جو بھی انہیں نمائندگیاں وصول ہورہی ہیں اس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ اس پر وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے ۔ بہت جلد اردو اکیڈیمی کی جانب سے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا ۔ ایس ٹی یو ضلع حیدرآباد کے وفد میں سید حبیب ، محمد اعجاز ، محمد تمیز ، محمد فیاض خاں اور شاہد علی حسرت موجود تھے ۔۔ ن