سرورنگر میں آج بی جے پی کا جلسہ عام، جے پی نڈا کی شرکت

   

حیدرآباد ۔6۔ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا 7 ڈسمبر ہفتہ کو سرورنگر اسٹیڈیم میں بی جے پی کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کیلئے بی جے پی نے جلسہ عام کا اہتمام کیا ہے۔ ابتداء میں جے پی نڈا اور امیت شاہ کی شرکت کا اعلان کیا گیا تاہم ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے آج صرف جے پی نڈا کی شرکت کی توثیق کی ہے۔ کشن ریڈی جلسہ عام کے انتظامات کی راست نگرانی کر رہے ہیں۔ پارٹی نے کانگریس حکومت کے خلاف حال ہی میں چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل کا الزام عائد کیا۔ مہاراشٹرا اور ہریانہ میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد اعلیٰ قیادت نے تلنگانہ پر توجہ مرکوز کی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے حال ہی میں تلنگانہ کے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلی کو نئی دہلی طلب کرتے ہوئے ملاقات کی اور انہیں تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کیلئے ضروری مشورے دیئے۔ 1