اسٹیٹ اور نیشنل ڈیزاسٹر ٹیموں کا طویل آپریشن کی ستائش: مہیش بھگوت
حیدرآباد : سرور نگر تالاب میں بہہ جانے والے نوین کمار کی نعش کو پولیس نے برآمد کرلیا ہے۔ اسٹیٹ اور نیشنل ڈیزاسٹر ٹیموں کی کوششوں اور 16 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد آج نوین کمار کی نعش پانی سے برآمد کی گئی۔ اس موقع پر جاری آپریشن کا کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے راست جائزہ لیا۔ کل رات جی ایچ ایم سی اور ڈی آر ایف ٹیموں کی انتھک جدوجہد کے باوجود کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔ تاہم اس سلسلے میں بی این ڈی آر ایف 9 بٹالین حیدرآباد شیخ پیٹ کی ٹیم کو طلب کیا گیا تھا۔ کمشنر پولیس نے ان ٹیموں کی خدمات کی ستائش کی اور انہیں ایوارڈ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس تالاب میں پانی کا بہاؤ ابھی رکا نہیں ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پتہ چلا ہے کہ اس تالاب کے اطراف قبضہ ہوچکے ہیں جو پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ اور مسائل کا سبب ہے بلکہ اس عوامی مسئلہ میں دیگر محکمہ جات سے رابطہ پیدا کیا جائے گا ۔ انہوں نے متوفی کے افراد خاندان کو سرکاری مراعات کے حصول کے اقدامات کا تیقن دیا۔