سرور نگر و میڑ پلی کے 13 پولیس ملازمین کورونا پازیٹیو

   

ایک انسپکٹر ‘ دو سب انسپکٹران ‘ کانسٹیبلس و ہوم گارڈز بھی شامل ۔ قرنطینہ میں بھیج دیا گیا

حیدرآباد 14 جنوری ( سیاست نیوز ) سابقہ دو لہروں کی طرح تیسری لہر میں بھی ریاست میں محکمہ پولیس پر کورونا کا قہر بڑھنے لگا ہے اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کئی پولیس اسٹیشنوں میں پولیس عہدیدار اس کا شکار ہونے لگے ہیں۔ ابتداء میں کوکٹ پولی پولیس اسٹیشن کا عملہ اس وائرس کا شکار ہونے کی اطلاع تھی تاہم آج مزید دو پولیس اسٹیشنوں میں کئی ملازمین کورونا کا شکار پائے گئے ہیں۔ سرور نگر پولیس اسٹیشن سے تعلق رکھنے والے 9 ملازمین میں کورونا کی توثیق ہوئی ہے ۔ ان میںدو سب انسپکٹران ‘ چار کانسٹیبلس اور تین ہوم گارڈز شامل ہیں۔ اسی طرح میڑپلی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر کے علاوہ تین کانسٹیبل اور ہوم گارڈ کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے اور ان عہدیداروں کی تصدیق کے بعد انہیں ہوم کورنٹائن کردیا گیا ہے ۔ جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔سرور نگر پولیس اسٹیشن کے عملہ کے تعلق سے کہا گیا ہے کہ ان میں کچھ کو علامات تھیں اور کچھ بخار کا شکار تھے ۔ ان میں مسلسل علامات کو دیکھتے ہوئے معائنے کروائے گئے جس پر ان کا نتیجہ پازیٹیو رہا ۔ انہیںہوم آئسولیشن میں منتقل کردیا گیا ہے اور ان کے افراد خاندان سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ گھروں پر ہی قرنطینہ اختیار کریں۔ متاثرہ پولیس عملہ کے افراد خاندان کو بھی معائنے کروانے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ سرور نگر پولیس اسٹیشن میں اس وباء کے بعد ایل بی نگر زون عہدیداروں نے ان سے رابطے میں آنے والے تمام افراد کے معائنوں کے انتظامات کئے ہیں اور دوسری کانسٹیبلس و متاثرہ افراد سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ہوم آئسولیشن میں چلے جائیں۔ واضح رہے کہ ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور سب سے زیادہ افراد شہر ہی میں متاثر ہو رہے ہیں۔ع