سروے آن ہائر ایجوکیشن رپورٹ 2019-20جاری

   

اعلیٰ تعلیم میں بہتری آنے کا دعویٰ، وشوا گرو بننے کی سمت ہندوستان کی پیشرفت

نئی دہلی : مرکزی وزارت تعلیم نے ‘آل انڈیا سروے آن ہائر ایجوکیشن رپورٹ (اے آئی ایس ایچ ای) 2019-20 کو جاری کیا ہے ، جس کے مطابق 2019-20 میں اعلی تعلیم میں کل رجسٹریشن 3.85 کروڑ درج کیا گیا ، جبکہ 2018-19 میں یہ تعداد 3.74 کروڑتھی۔وزیر مملکت برائے تعلیم سنجے دھوتری نے کہا کہ یہ سروے رپورٹ مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال ‘نشنک’ کی منظوری کے بعد جاری کی گئی ہے ۔ اس رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں تعلیم کی بہتری کے لئے اپنائی گئی پالیسیوں کی وجہ سے اعلی تعلیم میں بہتری آئی ہے ۔سکریٹری ہائر ایجوکیشن امت کھرے نے کہا‘‘ای ایس ای ای کی یہ 10 ویں رپورٹ وزیر اعظم کی بہترین قیادت اور مرکزی وزیر تعلیم کی رہنمائی میں جاری کی گئی ہے ۔ لگاتار بڑھتے انرولمنٹ ، اداروں کی تعداد ، صنفی عدم مساوات میں کمی ہماری نئی تعلیمی پالیسی 2020 ، مساوات اور معیار کے التزامات کے مطابق ہے ۔ ہمیں یقین ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر تعلیم کی بہترین رہنمائی میں ہم بہت جلد ’وشوا گرو‘ بننے کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔وزارت تعلیم کے مطابق اعلی تعلیم میں مجموعی رجسٹریشن کا تناسب (جی ای آر) بھی2019-20میں 27.1 فیصد رہا جو 2018-19میں 26.3 فیصد اور 2014-15 میں 24.3 فیصد تھی۔ صنفی مساوات کے اشاریے میں بھی بہتری آئی ہے ۔ لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کی اعلی تعلیم تک رسائی میں اضافہ ہوا ہے اور 2019-20میں طلبا اساتذہ کا تناسب بھی 26 ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کی تعداد 2018-19کے مقابلہ میں 2019 میں یونیورسیٹیوں کی تعداد 39931 سے بڑھ کر42343 ہوگئی ہے ۔ اور اسٹینڈ الون اداروں کی تعداد 10725سے بڑھ کر11779 ہوگئی ہے ۔