کانگریس حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام، سابق وزیر پرشانت ریڈی کا الزام
نظام آباد: 23؍ جنوری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سابق وزیر و رکن اسمبلی بالکنڈہ مسٹر پرشانت ریڈی نے ویلپور میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس حکومت کی عوامی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے منعقد کی جانے والی گرام سبھائیں صرف ایک دکھاوا ہیں جن کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ پرشانت ریڈی نے الزام لگایا کہ چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی نے انتخابات سے قبل’’6 گیارتٹی اور 420 وعدہ” کئے تھے لیکن ان میں سے کسی ایک کو بھی مؤثر طور پر پورا نہیں کیا گیا. انہوں نے کہا کہ عوام کو درخواست فارم کے بہانے کبھی منڈل آفس، کبھی گرام سبھاؤں اور کبھی گھر گھر سروے کے چکر میں الجھایا جا رہا ہے لیکن کسی وعدے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت نے پہلے عوام سے فارم بھرنے کو کہا، پھر گرام سبھاؤں میں درخواستیں طلب کیں اور اب دوبارہ گرام سبھاؤں میں عوام کو فارم جمع کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایک سال پہلے دی گئی درخواستیں کہاں گئیں؟ کیا یہ گرام سبھائیں صرف انتخابات تک محدود ہیں اور اس کے بعد یہ درخواستیں ضائع کر دی جائیں گی کیا ۔ پرشانت ریڈی نے عوام، خواتین اور نوجوانوں سے گرام سبھاؤں میں شامل ہو کر اپنے مطالبات پیش کرنے کی اپیل کی۔ کسان 2 لاکھ کا قرض معاف کرنے اور فصلوں کے لئے رعیتو بندھو کے بقایا جات کی ادائیگی کا مطالبہ کریں۔ خواتین کو 2,500 روپئے کی پنشن، 4,000 روپئے کی پنشن اور ایک تولہ سونے کا وعدہ پورا کرنے کے لئے آواز اٹھانی چاہئے۔ نوجوان گرام سبھاؤں میں 5 لاکھ کے فیس ری ایمبرسمنٹ، اسکوٹی اور 4,000 روپئے کی بیروزگاری بھتہ کے وعدے پر سوال کریں۔ پرشانت ریڈی نے کانگریس انچارج سنیل کمار کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکنڈہ حلقے کے کسانوں کے بقایہ رقوم کی ادائیگی اور وعدے پورے کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو ان مسائل پر کام کرنے کے بجائے میرے خلاف الزام تراشی کرنے میں مصروف ہے۔