سروے رپورٹ کی بنیاد پر کانگریس قائدین کو پارٹی ٹکٹ : محمد علی شبیر

   

کرناٹک کامیابی کے بعد مسلمان کانگریس کے قریب، کارکنوں کو عوامی رابطہ مہم چلانے کا مشورہ

حیدرآباد ۔16 ۔ جون (سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں سروے رپورٹ کی بنیاد پر پارٹی ٹکٹ الاٹ کئے جائیں گے ۔ گاندھی بھون میں صدر ضلع کانگریس سکندرآباد انیل کمار یادو کی جائزہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ کوئی بھی کانگریس قائد یہ دعویٰ نہیں کرسکتا کہ اسے پارٹی ٹکٹ یقینی طور پر ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ کے سروے میں جس قائد کا شمار مضبوط اور مقبول قائد کے طور پر ہوگا، اسے پارٹی ٹکٹ الاٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو ابھی سے اپنے حلقہ جات میں متحرک ہوجانا چاہئے ۔ اسمبلی انتخابات کیلئے پانچ ماہ باقی ہیں ایسے میں عوامی رابطہ کی مہم کے تحت کسانوں ، نوجوانوں اور خواتین کو کانگریس کے ڈکلیریشن سے واقف کرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی کامیابی میں یوتھ کانگریس کا اہم رول رہے گا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ راہول گاندھی نے کرناٹک کی کامیابی کے بعد اعلان کیا تھا کہ ملک میں نفرت کا بازار بند ہوچکا ہے اور محبت کی دکان کھل گئی ہے۔ راہول گاندھی کے اس پیام کو گاؤں گاؤں پہنچانے کی ضرورت ہے۔ پارٹی نے تلنگانہ میں کسانوں اور بیروزگار نوجوانوں کے لئے ڈکلیریشن جاری کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی کامیابی کے بعد مسلمان اور دیگر اقلیتیں کانگریس کے قریب آرہی ہیں۔ تلنگانہ کیلئے اے آئی سی سی کے نئے انچارج سکریٹریز منصور علی خاں اور وشواناتھ کا خیرمقدم کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس کو کامیابی دلانے کے بعد دونوں تلنگانہ آئے ہیں۔ تلنگانہ کے لئے ان کا قدم مبارک ثابت ہوگا اور ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جات میں محنت اور عوامی رابطہ کے ذریعہ کامیابی ممکن ہے۔ر