سرپور میں رکن اسمبلی کونپا کے فلاحی اقدامات کی ستائش

   


چیف منسٹر سے ملاقات، مدہول کے ترقیاتی کاموں پر عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حلقہ اسمبلی مدہول میں ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ مقامی رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے حلقہ کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں نمائندگی کی جس پر کے سی آر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 6000 ایکر اراضی کو سیراب کرنے کیلئے تعمیر کئے جارہے لفٹ اریگیشن پراجکٹ کی جلد تکمیل کی جائے ۔ گڈنا واگو پراجکٹ کے تحت 10 کیلو میٹر طویل سی سی کنال کے زیر التواء کاموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے متاثرہ علاقوںکے عوام کی راحت اور بازآبادکاری کے لئے ضروری ہدایات دی ہیں۔ اس موقع پر ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی اور محکمہ آبپاشی کے عہدیدار موجود تھے ۔ اسی دوران چیف منسٹر نے سرپور ، کاغذ نگر کے رکن اسمبلی کے کونپا کو مبارکباد پیش کی جن کی نگرانی میں چیارٹیبل ٹرسٹ کے ذریعہ مختلف پروگراموں پر عمل کیا جارہا ہے۔ رکن اسمبلی اور ان کے افراد خاندان نے چیف منسٹر سے ملاقات کی ۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے ٹرسٹ کے ذریعہ وہ مختلف فلاحی کام انجام دے رہے ہیں۔ روزانہ ایک ہزار افراد کے لئے مفت کھانے کا انتظام ہے۔ اسکولوں کو ٹی وی سیٹس کا تحفہ دیا گیا ہے ۔ محکمہ جات ، تعلیم ، پولیس ، جنگلات اور فوج میں ملازمت کے خواہاں امیدواروں کو مفت کوچنگ فراہم کی جاتی ہے ۔