چیف سکریٹری اور محکمہ جات کو ہائی کورٹ کی نوٹس
حیدرآباد ۔14۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سرکاری کام کاج اور مراسلت میں تلگو کے بجائے انگریزی کے استعمال کے خلاف دائر کی گئی مفاد عامہ درخواست کی سماعت کی۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس سرینواس راؤ پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے جی اوما مہیشور راؤ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ چیف سکریٹری اور اہم سرکاری محکمہ جات کو نوٹس جاری کی گئی ۔ درخواست گزار نے عدالت سے اپیل کی کہ حکومت کو ہدایت دی جائے کہ سرکاری زبان قانون 1966 اور اس سے متعلق سرکاری احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے جس کے تحت تلگو کو بطور سرکاری زبان استعمال کیا جائے۔ درخواست گزار نے سرکاری مراسلت اور خاص طور پر جی اوز ، آرڈیننس اور قوانین کی اجرائی میں صرف انگریزی کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے جی او ، آرڈیننس ، سرکاری قوانین کی اشاعت اور حکومت کی تمام مراسلتوں میں تلگو کے استعمال کی ہدایت دینے کی اپیل کی۔ درخواست گزار نے کئی سابقہ جی اوز کا حوالہ دیا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ صرف انگریزی کے استعمال سے قانون کی خلاف ورزی ہورہی ہے اور عوام کو احکامات سمجھنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ چیف جسٹس نے اس معاملہ میں حکومت اور سرکاری محکمہ جات کو اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت دی۔ 1