رازدارانہ جی اوز کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/22 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اے پی ہائی کورٹ نے سرکاری احکامات کی ویب سائیٹ پر عدم پیشکشی پر برہمی کا اظہار کیا۔ جی اوز کو ایک مخصوص سرکاری سائیٹ پر پیش کیا جاتا ہے جسے عوام مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ اے پی حکومت نے ویب سائیٹ پر جی اوز کی پیشکشی کو روک دیا ہے۔ اس فیصلہ کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے ویب سائیٹ کے بجائے ای ۔گزٹ میں جی اوز کی پیشکشی کے بارے میں حکومت سے سوال کیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت اعلان کے مطابق ای ۔ گزٹ میں بھی جی اوز کو پیش نہیں کررہی ہے۔ صرف 4 تا 5 فیصد احکامات ای۔ گزٹ پر موجود ہیں جو قانون حق معلومات کی خلاف ورزی ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صرف رازدارانہ جی اوز کو ویب سائیٹ پر پیش نہیں کیا جارہا ہے۔ ہائی کورٹ نے سوال کیا کہ رازدارانہ جی اوز کے بارے میں فیصلہ کرنے کا معیار کیا ہے۔ ر
ہائی کورٹ نے تمام جی اوز کی تفصیلات پیش کرنے حکومت کو ہدایت دی۔ آئندہ سماعت 28 ڈسمبر کو مقرر کی گئی۔ر