مہیش کمار گوڑ کا اعلان، حیڈرا اور موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کی مذمت، گریٹر حیدرآباد کارپوریٹرس کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/16 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارپوریٹرس اور کونسلرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے شہر میں کانگریس کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات پر ابھی سے توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی اور یقین ظاہر کیا کہ جی ایچ ایم سی پر کانگریس کا قبضہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور گریٹر کے رائے دہندوں کی رائے کانگریس کے حق میں دکھائی دے رہی ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ضلع واری سطح کے جائزہ اجلاس جاری رہیں گے۔ متحدہ 10 اضلاع کے جائزہ اجلاسوں کی تکمیل کے بعد وہ اضلاع کا دورہ کریں گے۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے باوجود اپوزیشن پارٹیاں حکومت کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے ذریعہ غریبوں کے مکانات کا انہدام یا انہیں بے گھر کرنا حکومت کا مقصد نہیں ہے۔ حکومت پراجکٹ کی تکمیل کیلئے مقامی عوام کو اعتماد میں لے گی اور متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کی جائے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حیڈرا کے بارے میں اپوزیشن کی مہم کے باوجود عوام حقائق سے واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضیات پر غیرقانونی قابض سیاسی قائدین کے نام عنقریب برسرعام کئے جائیں گے۔ انہوں نے بی آر ایس اور بی جے پی سے موسی ریور فرنٹ پراجکٹ پر موقف کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر اور ریاستی وزراء ترقی اور فلاح و بہبود کی اسکیمات میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں پارٹی کے استحکام اور کامیابی کیلئے کام کرنے والے قائدین اور کارکنوں کو مناسب مقام دیا جائے گا۔ حیدرآباد میں کانگریس کی عظمت رفتہ کو بحال کرتے ہوئے عوام تک حکومت کی اسکیمات پہنچائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا میں حیڈرا اور موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے بارے میں گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔1