سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ

   

یکم اپریل سے درخواستوں کا ادخال، 125گز اراضی کیلئے کوئی فیس نہیں
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں کو باقاعدہ بنانے عوام کو درخواست دینے موقع فراہم کیا ہے۔ جی او 58 اور 59 کے تحت سرکاری اراضیات پر تعمیرات کو باقاعدہ بنانے یکم اپریل تا 30 اپریل درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ حکومت نے ریگولرائزیشن کیلئے مقررہ کٹ آف ڈیٹ میں توسیع کردی ۔ کٹ آف ڈیٹ پہلے 2 جون 2014 تھی اسے بڑھا کر 2 جون 2020 کردیا گیا ۔ جی او 58 کے تحت غریب افراد اگر 125 مربع گز سرکاری اراضی پر مکان تعمیر کریں تو انہیں مفت میں باقاعدہ بنایا جائیگا۔ 250 گز سرکاری اراضی پر مکان کی تعمیر کی صورت میں مارکٹ ویلیو سے 50 فیصد رقم حاصل کرکے باقاعدہ بنایا جائیگا۔ 500 گز اراضی کیلئے 75 فیصد اور 1000 گز یا سے زائد اراضی کیلئے 100 فیصد رقم مارکٹ ویلیو سے وصول کی جائیگی۔ غیر رہائشی اراضی کیلئے جسے تجارتی بھی کہا جاتا ہے مارکٹ ویلیو کی صد فیصد رقم وصول کی جائیگی۔ درخواستیں می سیوا کیندر میں داخل کی جاسکتی ہیں۔ کٹ آف ڈیٹ سے پہلے رہائش کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ آر ڈی او اور تحصیلدار پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو درخواستوںکی جانچ کرکے قطعی فیصلہ کریگی۔ جی او 76 کے تحت اضلاع کھمم، کتہ گوڑم، بھوپال پلی، آصف آباد، منچریال، پدا پلی اور جگتیال میں سنگارینی کالریز کی اراضی پر تعمیر کردہ مکانات کو بھی باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے کٹ آف ڈیٹ جون 2020 ہے۔ کابینہ کے حالیہ اجلاس میں اس سلسلہ میں فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا۔ر