چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس، درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے کلکٹرس کو ہدایت
حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جن میں آنکھوں کی روشنی، آروگیہ مہیلا، غریبوں کو اراضی امکنہ کی فراہمی، ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر اور جی او 58،59، 76 اور 118 پر عمل آوری شامل ہیں۔ چیف سکریٹری نے امید ظاہر کی کہ آنکھوں کے معائنہ کے تحت آئندہ 50 دنوں میں 2 کروڑ سے زائد افراد کے معائنوں کا ریکارڈ قائم ہوگا۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ آنکھوں کی روشنی کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں۔ چیف سکریٹری نے آروگیہ مہیلا پروگرام کو سماجی ذمہ داری کے طور پر مکمل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی صحت کے تحفظ میں یہ پروگرام اہم رول ادا کرے گا۔ انہوں نے زیادہ سے زیادہ خواتین کو اس پروگرام کے تحت شامل کرنے کی ہدایت دی۔ جی او 58 اور 59 کے تحت سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں کو باقاعدہ بنانے کیلئے درخواست داخل کرنے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے اور کٹ آف ڈیٹ کو 2 جون 2014 سے بڑھا کر 2 جون 2020 کیا گیا ہے۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ اس سہولت کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کریں۔ کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ گذشتہ مرتبہ مسترد کی گئی درخواستوں کا جائزہ لیں۔ انہوں نے زیر التواء درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری ریوینو نوین متل، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی، سکریٹری آر اینڈ بی سرینواس راجو، سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ راہول بوجا، کمشنر ایس سی ڈیولپمنٹ یوگیتا رانا، کمشنر ہیلت شویتا موہنتی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر