سرکاری اراضیات کی نشاندہی کیلئے سروے کی ہدایت

   

ناجائز قبضوں اور غیر قانونی فروخت ، تلنگانہ ہائی کورٹ کی کلکٹرس کو ہدایت
حیدرآباد۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ ریاست بھر میں سروے کا اہتمام کرتے ہوئے سرکاری اراضیات کی نشاندہی کی جائے۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے یہ احکامات جاری کئے ۔ عدالت نے کہا کہ سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں اور ان کی غیر قانونی فروخت سے متعلق کئی معاملات عدالت کے علم میں آئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ریاست کے 33 ضلع کلکٹرس کو چاہئے کہ فوری طور پر مقررہ مدت میں اراضیات کے سروے کا کام مکمل کریں۔ عدالت نے اراضیات اور سروے کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ سرکاری اراضیات کے غیر قانونی رجسٹریشن کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ سرکاری اراضیات کی تفصیلات رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کو روانہ کی جائیں تاکہ اراضیات کے غیر قانونی رجسٹریشن کو روکا جاسکے۔ سب رجسٹرار اور کلکٹرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ سرکاری اراضیات کا تحفظ کریں۔ تمام 33 ضلع کلکٹرس سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 27 اکتوبر کو مقرر کی گئی۔ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل کو اس سلسلہ میں پابند کیا ہے ۔