سرکاری اساتذہ کو بیرونی ممالک کے مطالعاتی دورے پر روانہ کرنے کی تجویز

   

حکومت کی منظوری کے بعد چار ممالک کو چار ٹیمیں روانہ کرنے محکمہ تعلیم کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 20 ستمبر (سیاست نیوز) محکمہ تعلیم نے اسکولی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اختراعی تجربہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی کے حصہ کے طور پر بیرونی ممالک میں نافذ تعلیمی نظام کا جائزہ لینے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس کیلئے ٹیچرس کو بیرونی ممالک میں مطالعاتی دورہ پر روانہ کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے اس دورہ کی اجازت کیلئے حکومت کو تجاویز روانہ کی ہیں۔ فی الحال دہلی، پنجاب، گجرات کے علاوہ دیگر ریاستیں ہر سال چند ٹیچرس کو بیرونی ممالک کو روانہ کرکے وہاں کے بہتر طریقہ کار کی تربیت دلارہے ہیں۔ اس طرح کا نظام تلنگانہ میں عمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ سنگاپور، فن لینڈ، ویتنام، جاپان کے علاوہ دیگر ممالک کا 7 روزہ مطالعاتی دورہ کرانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس کیلئے چار بیاچس تیار کرنے اور ہر بیاچ میں 35 ٹیچرس کو شامل کرتے ہوئے 140 ٹیچرس کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ اسکولی تعلیم کے ڈائرکٹر نوین نکولیس نے حکومت کو تجاویز روانہ کی ہیں۔ اگر حکومت سے منظوری حاصل ہوتی ہے تو اکٹوبر میں 2 بیاچس اور نومبر میں 2 بیاچس کو بیرونی ممالک روانہ کیا جائے گا۔ فی الحال سنگاپور، فن لینڈ، ویتنام اور جاپان کے تعلیمی نظام کو بین الاقوامی سطح پر پہچان مل چکی ہے۔ ان ممالک کے اسکولس میں تدریس کے جدید طریقے، نصاب کے ڈیزائن، اساتذہ کی کارکردگی اور ان ممالک کے اسکولس میں ٹکنالوجی کے استعمال کے بارے میں معلومات حاصل ہوگی۔ عہدیداروں کا کہنا ہیکہ اس طرح کے مطالعاتی دورے ٹیچرس کیلئے تنقیدی سونچ، تخلیقی صلاحیتوں اور ساتھ ہی مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے مفید ثابت ہوں گے اور تعلیم معیار کو بہتر بنانے میں یہ دورے معاون و مددگار رہیں گے۔2