طلبہ میں مفت جوتوں کی تقسیم کے موقع پر رکن اسمبلی وائی سرینواس ریڈی کا خطاب
محبوب نگر۔/25 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) زندگی میں کوئی چیز مستقل نہیں ہوتی ، لیکن بہتر تعلیم ہمیشہ باقی رہنے والی چیز ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کیا۔ وہ آج میونسپل وارڈ 11 اولڈ پالمور کے پرائمری گورنمنٹ اسکول کے طلبہ میں ( مفت ) جوتے تقسیم کررہے تھے۔ بحیثیت مہمانان خصوصی اس موقع پر انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ عام متوسط طبقہ کی سادگی سے زندگی گذارتے ہوئے پرائیویٹ اسکولس کے طلبہ کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولس میں تعلیم دلوائیں ساتھ ہی انہوں نے سرکاری اسکولس میں تمام تر سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو پابند کیا کہ سرکاری اسکولس میں جس کسی چیز کی ضرورت ہو ہمارے علم میں لائیں ہم فوری حل کریں گے۔ ایم ایل اے نے آئندہ تعلیمی سال میں کلاس رومس و دیگر سہولتوں کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ کانگریس قائدین نے ٹی رمیش کے بھائی شیورام کی بیٹی شلپیکا کی پہلی سالگرہ کی خوشی میں محبوب نگر ودیاندھی ( تعلیمی فنڈ ) میں گیارہ ہزار ایک سو روپئے کا چیک ایم ایل اے کو پیش کیا۔ ایم ایل اے نے ستائش کی اور مبارکباد دی۔ اسکول کے مسائل پر بھی ایک یادداشت ایم ایل اے کے حوالے کی گئی۔ پروگرام میں پرائمری اسکول ہیڈ ماسٹر وینکٹیا، موڈا چیرمین لکشمن یادو، ونود کمار، نرسمہا ریڈی، سراج قادری، چندر کمار گوڑ، سائی بابا، شنکر، ناگراج، رمیش، بھرت کمار، چندرامولی، کمار، دیونا، ایم ای او لکشمن سنگھ ، طلبہ اور اولیائے طلبہ موجود تھے۔