ہر موضع میں آنگن واڑی اسکول اور نیم رہائشی اسکول کیمپس ، چیف منسٹر ریونت ریڈی
حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سرکاری اسکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کے طور پر ریاستی حکومت کی جانب سے پائلٹ پراجکٹ کا آغاز کرتے ہوئے ہر موضع میں آنگن واڑی اسکول کے قیام اور نیم رہائشی اسکول کیمپس کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج محکمہ تعلیم کے عہدیداروں اور آرکیٹکیٹس کے ہمراہ منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران ریاستی حکومت کی سرکاری اسکولوں میں تعلیم کو بہتر بنانے کے سلسلہ میںدلچسپی سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت آئندہ 3 سالوں کے دوران تلنگانہ میں سرکاری اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانے کے علاوہ ہر گھر تک تعلیم کو پہنچانے کے اقدامات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر نے اجلاس کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہر حلقہ اسمبلی میں انٹگریٹیڈ اسکول کیمپس کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے اور ان انٹگریٹیڈ کیمپس تک جو کہ نیم رہائشی ہوں گے طلبہ کو پہنچنے کیلئے بہتر ٹرانسپورٹ سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر آنگن واڑی اسکولوں میں ایک ٹیچر کے تقرر کے سلسلہ میں اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو پرائمری اور اپر پرائمری کے طور ان آنگن واڑی اسکولوں میں تعلیم فراہم کی جائے اور چوتھی جماعت تک طلبہ کو انٹگریٹیڈ اسکولوں میں نیم رہائشی اسکولوں میں تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ ماہرین تعلیم سے اس سلسلہ میں مشاورت کرتے ہوئے اس تعلیمی پالیسی کو جلد ا ز جلد تیار کرنے کے اقدامات کریں تاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے بنیادی تعلیم کو بہتر بنانے کے اقدامات کو قطعیت دی جاسکے۔ انہو ںنے حکومت کے مجوزہ پراجکٹ پر عمل آوری کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے بجٹ کی فراہمی کے علاوہ خانگی کمپنیوں کے سی ایس آر فنڈس کے استعمال کا بھی جائزہ لینے کا مشورہ دیا تاکہ سرکاری اسکولوں کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے تعلیمی معیار کو بلند کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے جائزہ اجلاس کے دوران موجود مسٹر بی وینکٹیشم کو ہدایت دی کہ وہ تلنگانہ کے سرکاری اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کریں اور اندرون تین سال اس عمل کی تکمیل کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا جائے ۔3