سرکاری اسکولس میں ٹیچنگ سہولتوں کو بہتر بنانے 6 رضاکارانہ تنظیموں سے معاہدہ

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی موجودگی میں دستخط، تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے علاوہ اسکولی سطح سے مسابقتی امتحانات کی کوچنگ
حیدرآباد۔ 15 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں ٹیچنگ سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے ملک کی 6 نامور رضاکارانہ تنظیموں کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ محکمہ تعلیم نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی موجودگی میں این جی اوز کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ معاہدہ کے مطابق رضاکارانہ تنظیموں، سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو بہتر تدریس کی فراہمی کیلئے اسٹیٹ آف آرٹ ٹیکنالوجی ٹیچنگ سرویسیس بلا معاوضہ فراہم کریں گی۔ ٹیچنگ کی عصری سہولتوں کے حصول کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر سرگرم جن این جی اوز سے معاہدہ کیا گیا ان میں نندن نیلیکانی کی زیر قیادت ایک اسٹپ فاؤنڈیشن، ڈاکٹر سنیتا کرشنن کا پرجوالا فاؤنڈیشن، الک پانڈے کا فاؤنڈیشن، فیزکس والا فاؤنڈیشن، خان اکیڈیمی، شعیب ڈار کی زیر قیادت پائی جام فاؤنڈیشن اور سفینا حسین کا ایجوکیٹ گرلز این جی او شامل ہیں۔ ان اداروں نے عصری ٹیکنالوجی کے ذریعہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کا پیشکش کیا ہے۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے متاثر ہوکر سرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کرنے این جی اوز نے خدمات کا پیشکش کیا ہے۔ چیف منسٹر نے سرکاری اسکولوں میں کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کرنے کی مساعی کی ہے۔ نندن نیلیکانی سے چلائے جانے والے فاؤنڈیشن کے تحت 540 اسکولوں میں آرٹیفیشل انٹلی جنس پر مبنی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ریاست کے 33 اضلاع کے 5 ہزار سے زائد پرائمری اسکولوں کا فاؤنڈیشن احاطہ کرے گی۔ تلگو اور انگلش کے علاوہ میاتھس مضامین میں تیسری تا پانچویں جماعت تک تعلیم دی جائیگی۔ فز کس والا این جی او کی جانب سے نیٹ، جے ای ای، اور CLAT امتحانات کی کوچنگ دی جائے گی۔ اسکول کی سطح سے طلبہ کو مسابقتی امتحانات کی کوچنگ دی جائے گی۔ خان اکیڈیمی کی جانب سے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میاتھس کے شعبہ جات میں ویڈیو پر مبنی کورسیس فراہم کئے جائیں گے۔ چھٹویں تا 10 ویں کے طلبہ کیلئے نصاب فراہم کیا جائے گا۔ پرجوالا فاؤنڈیشن چائلڈ سیفٹی اور پروٹیکشن کے پروگرامس چھٹویں تا 12 ویں جماعت کیلئے پیش کرے گا۔ ایجوکیٹ گرلز تنظیم کی جانب سے 16 ہزار سے زائد بچوں کو اسکولس میں دوبارہ داخلہ دلانے کی مہم چلائے گی۔ معاہدات کے موقع پر حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے کیشوراؤ، سکریٹری محکمہ تعلیم یوگیتا رانا، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نرسمہا ریڈی، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نوین نکولاس، اسپیشل سکریٹری ایجوکیشن ہریتا اور رضاکارانہ تنظیم کے نمائندے موجود تھے۔ 1