حیدرآباد 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست کے سرکاری اسکولوں میں 30 اکٹوبر سے نئے اساتذہ کے تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم میں 3325 سیکنڈری گریڈ ٹیچرس (ایس جی ٹی) تلگو میڈیم جائیدادوں کیلئے منتخب امیدواروں کو ضلع واری اساس پر فہرست مرتب کرکے تمام متعلقہ ڈی ای اوز کو روانہ کردی گئی ہیں جس کی روشنی میں انھیں تعیناتی کے احکامات دینے محکمہ تعلیم نے کونسلنگ شیڈول جاری کیا ہے اور جاریہ ماہ ہی پوسٹنگس دینے کے عمل کو شروع کرکے اور عاجلانہ اقدامات کرنے ضلع کلکٹروں، ڈی ای اوز کو کمشنر محکمہ تعلیم مسٹر وجئے کمار نے احکامات جاری کئے اور بتایا کہ سابقہ دس متحدہ اضلاع کی اساس پر ہی ایس جی ٹی امیدواروں کی پوسٹنگ انجام دینا چاہئے۔ علاوہ ازیں اس عمل کو جاریہ ماہ 29 اکٹوبر تک مکمل کرلینے کی ہدایت دی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 29 اکٹوبر تک عمل مکمل ہونے پر 30 اکٹوبر کو جن کے تقررات عمل میں لائے گئے وہ تمام اپنی ڈیوٹی پر رجوع ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ جملہ 3786 ایس جی ٹی (تلگو میڈیم) جائیدادوں کیلئے سال 2017 ء میں اعلامیہ جاری کیا گیا تھا اور سال 2018 ء میں امتحانات کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا۔