سرکاری اسکولس کی صاف صفائی اور نگرانی کیلئے خصوصی گرانٹس کی اجرائی

   

طلبہ کی تعداد کے لحاظ ماہانہ 3 تا 20 ہزار روپئے مختص ، حکومت کے احکامات جاری
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : حکومت نے سرکاری اسکولس کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی گرانٹ جاری کیا ہے ۔ اس گرانٹ کے تحت ملنے والی رقم سے اسکولس کی دیکھ بھال کے حصے کے طور پر تمام سرکاری ، مقامی اداروں کے بشمول ماڈل اسکولس میں کلاسیس ، بیت الخلاؤں کی صفائی ، احاطے میں پودوں کو پانی دینا اور اسکولس کے اطراف واکناف صاف ستھرا ماحول رکھنا وغیرہ شامل ہے ۔ ان فنڈز کا استعمال اماں آدرش کمیٹیوں (AAPCs) کے ذریعہ کیا جاتا ہے ۔ فی الحال یہ کام پنچایت راج اور بلدی نظم و نسق محکمہ جات کی نگرانی میں ہورہا ہے ۔ ان محکموں کی نگرانی میں کام صحیح نہ ہونے کی شکایتیں ہیں ۔ حکومت نے اسکولس کو ہی خصوصی فنڈز جاری کرتے ہوئے مسائل کو بروقت حل کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ ریاست میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد اماں آدرش اسکول کمیٹیاں بنائی گئی ہیں ۔ اسکول کی صفائی ایک بہت اہم مسئلہ ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے ان کمیٹیوں کو یہ ذمہ داریاں سونپی ہیں جب کہ سماگراشکشا کمپوزٹ اسکول گرانٹ کے علاوہ یہ اضافی گرانٹ دی جارہی ہے ۔ یہ فنڈز تعلیمی سال کے 10 ماہ کے لیے ادا کئے جائیں گے ۔ حکومت نے یہ واضح کردیا کہ اماں آدرش اسکول کمیٹیوں کے کھاتے سے رقم نکالتے وقت کہیں بھی کسی شخص کا نام لینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ان کاموں کے لیے مطلوبہ افراد کو ان فنڈز کی براہ راست تقسیم کے لیے ایک سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ ان کاموں کے لیے کل وقتی یا جزوقتی بنیادوں پر مزدوروں کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہے ۔ یہ گرانٹ ڈسٹرکٹ منرل فنڈ ٹرسٹ ( ڈی ایم ایف ٹی ) سے جاری کئے جائیں گے ۔ یہ فنڈز اماں آدرش اسکول کمیٹیوں کو تین ماہ قبل جاری کئے جاتے ہیں ۔ یہ گرانٹ متعلقہ اسکولس میں طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے ماہانہ 3 ہزار تا 20 ہزار روپئے تک دی جائے گی ۔ جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق اسکولس میں طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے گرانٹ مختص کی گئی ہے ۔ جن اسکولس میں 1 تا 30 طلبہ زیر تعلیم ہیں انہیں 3000 روپئے ، 31 تا 100 طلبہ زیر تعلیم اسکولس کو 6000 روپئے ، 101 تا 250 طلبہ زیر تعلیم اسکولس کو 8000 روپئے ، 251 تا 500 طلبہ زیر تعلیم اسکولس کو 12000 روپئے ، 501 تا 750 طلبہ زیر تعلیم اسکولس کو 15000 روپئے ، 750 سے زیادہ طلبہ زیر تعلیم اسکولس کو 20 ہزار روپئے جاری کئے جائیں گے ۔۔ 2