جاریہ ماہ کے دوسرے ہفتہ سے عمل آوری، اساتذہ میں تصاویر و سرگرمیوں کے افشاء ہونے کا خوف
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی (سیاست نیوز) محکمہ تعلیم تلنگانہ کی جانب سے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ و طلبہ کے لئے ’’جیو حاضری‘‘ نظام کو دوبارہ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جاریہ ماہ کے دوسرے ہفتہ سے ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے طلبہ اور اساتذہ کے لئے جیو حاضری نظام پر عمل آوری لازمی ہوگی۔حکومت نے سال گذشتہ ’’جیو حاضری‘‘ نظام تعلیمی سال 2022-23کے دوران متعارف کروایاتھا اور اس نظام حاضری کے تحت اساتذہ کو اسکول پہنچتے ہی اپنی تصویر جیو ٹیاگ کرتے ہوئے روانہ کرنی تھی اور اسکول سے روانہ ہونے سے قبل بھی تصویر کے ذریعہ روانگی کی اطلاع دینی تھی ۔ حکومت کی جانب سے سرکاری اساتذہ کے لئے شروع کردہ اس حاضری نظام پر اساتذہ برادری کے شدید احتجاج اور اساتذہ کے زمرہ کے رکن قانون ساز کونسل کے انتخابات کے پیش نظر اس پر عمل آوری کو زیر التواء رکھا گیا تھا لیکن اب نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ نہ صرف اساتذہ بلکہ طلبہ کے لئے اسی طریقہ حاضری پر عمل آوری کی پابندی عائد کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق ریاست کے تمام سرکاری اسکولوںمیں اساتذہ کی جانب سے وقت کی پابندی اور اسکول میں موجودگی کے متعلق تمام تفصیلات کے حصول کے لئے یہ حاضری نظام تیار کیا گیا تھا جس پر مختلف وجوہات کے سبب عمل آوری نہیں ہوپائی تھی لیکن اب جبکہ اس نظام میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرلیا گیا ہے تو جاریہ تعلیمی سال سے اس پر عمل آوری کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ’جیوحاضری‘ نظام پر اعتراض کرنے والوں کی جانب سے کہا جار ہاہے کہ ان کی شخصی و خانگی معلومات بالخصوص تصاویر اور ان کی موجودگی کی جگہ کا علم خانگی کمپنی کو ہو رہا ہے اور کوئی اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتا کہ اس خانگی کمپنی کی جانب سے ڈاٹا کو محفوظ رکھا جائے گا۔م
ذرائع کے مطابق آندھرائی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ اس ایپلیکشن کو حکومت تلنگانہ کے محکمہ تعلیم نے اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے حاصل کیا ہے۔ خانگی و شخصی معلومات کے تحفظ کے سلسلہ میں دنیا بھر میں جہاں بحث جاری ہے وہیں اگر حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تفصیلات خانگی کمپنیوں کے حوالہ کرتے ہوئے ان کے روزانہ کے معمولات کی تفصیلات کے حصول کا اختیار خانگی کمپنی کو دیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں یہ عمل صرف اس شخص کے لئے نہیں بلکہ حکومت کے محکمہ کے لئے بھی خطرناک ثابت ہونے کا خدشہ ہے اسی لئے جیو حاضری نظام کے بجائے حکومت کو آئی۔ ریز اور بائیو میٹرک کا استعمال مؤثر انداز میں کرنا چاہئے ۔م