حیدرآباد۔ شہر کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ میں آن لائن تعلیم کے حصول کے رجحان میں تیزی سے گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ طلبہ کی جانب سے اساتذہ کو کہا جا رہاہے کہ وہ آن لائن کلاس میں شرکت کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ انہیں کلاس کے دوران درپیش صورتحال سے نمٹنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے لئے بھی ریاستی حکومت کی جانب سے آن لائن تعلیم کے علاوہ ٹی وی چیانل کے ذریعہ کلاسس کے انعقاد کے اقدامات کئے تھے ابتدائی طور پر ان آن لائن کلاسس میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 80 فیصد سے تجاوز کرچکی تھی اور کہا جا رہا تھا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی ان کلاسس میں نہ صرف سرکاری اسکولوں کے طلبہ بلکہ گھروں میں موجود طلبہ اور اولیاء و سرپرستوں کی جانب سے بھی استفادہ حاصل کیا جا رہاہے لیکن گذشتہ ماہ کے وسط سے اچانک آن لائن تعلیم کے رجحان میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی جانب سے اس بات کی توثیق کی جا رہی ہے کہ اب بہ مشکل 30 تا40 فیصد طلبہ ہی آن لائن کلاسس میں شرکت کر رہے ہیں اور ان میں بھی بڑی تعداد ایسے طلبہ کی ہے جو کہ بہتر انداز میں تعلیم کے سلسلہ کو جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں۔ اساتذہ نے بتایاکہ آن لائن طرز تعلیم کی کامیابی اسی صورت میں ممکن بنائی جاسکتی ہے جب ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو لیاپ ٹاپ یا آئی پیاڈ فراہم کیا جاتا ہے اور تمام سرکاری اسکولوں کے لئے ایک پلیٹ فارم کے بجائے منڈل واری یا ضلع واری اساس پر آن لائن پلیٹ فارم تیار کرتے ہوئے اسے فروغ دیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں آن لائن تعلیم کے رجحان میں اضافہ ممکن ہے لیکن اگر موجودہ حالات میں طلبہ کو اسی طرز تعلیم کو جاری رکھنے کیلئے چھوڑ دیا جاتا ہے تو تعلیمی سال کے اختتام تک سرکاری اسکولوں میں موجود طلبہ کی تعداد 50 فیصد سے بھی کم ہوجائے گی اسی لئے محکمہ تعلیم کو اس سلسلہ میں خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے منڈل یا ضلع واری اساس پر مضامین اورآن لائن تعلیم کا انتظام کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں دوبارہ طلبہ کی آن لائن تعلیم سے دلچسپی پیدا کی جاسکتی ہے ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بھی اس بات کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں کہ طلبہ آن لائن کلاسس میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں اور نہ ہی ان کی جانب سے کوئی مسئلہ پیش کیا جا رہاہے جو کہ طلبہ کواسباق کے ذہن نشین نہ ہونے کی علامت ہے۔اسی لئے اساتذہ کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کو ہائی اسکول کی کشادگی کے سلسلہ میں فوری طور پر اقدامات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے بصورت دیگر طلبہ کی تعلیم بری طرح سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ریاست تلنگانہ میں آن لائن تعلیم کے رجحان میں کمی کی بنیادی وجوہات میں سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے پاس ذرائع نہ ہونا بتائی جا رہی ہے۔