معیار میں اضافہ اساتذہ کی ذمہ داری، یوم تعلیم تقاریب سے وزیر داخلہ محمود علی اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد: 20 جون (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تعلیم کسی بھی سماج کی ترقی میں اہم رول ادا کرتی ہے۔ وزیر داخلہ آج یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے تحت یوم تعلیم سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کی جانب سے رویندرا بھارتی میں منعقدہ تقریب کے علاوہ اقلیتی اقامتی اسکول گرلز مشیرآباد کے پروگرام میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیافتہ ممالک میں اعلی تعلیم نے ہر شعبہ کی ترقی کو یقینی بنایا ہے۔ ہر ملک میں شعبہ تعلیم پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ پسماندہ ممالک میں تعلیم پر کوئی خاص توجہ نہیں ہے۔ محمود علی نے کہا کہ تعلیم کے معیار میں اضافہ اور ملک کے ذمہ دار شہریوں کی تیاری میں اساتذہ کا اہم رول ہے۔ اساتذہ کی محنت اور جدوجہد کے نتیجہ میں آج کے نوجوان کل ملک کا مستقبل بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے 9 سالہ دور حکومت میں تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ ہر سال محکمہ تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا اور سرکاری اسکولوں میں بنیادی انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کی گئیں۔ سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم تعلیم متعارف کی گئی ہے تاکہ غریب طلبہ کارپوریٹ اسکولوں کے معیار کا مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 26815 سرکاری اسکولوں میں 29 لاکھ سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ اساتذہ کی تعداد 112298 ہے۔ حکومت نے تعلیمی سال 2022-23ء سے پہلی تا 8 ویں جماعت تک انگلش میڈیم تعلیم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں یونیفارم، نصابی کتب مفت فراہم کئے جارہے ہیں اور طلبہ کو اسکالرشپ منظور کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال مفت نوٹ بکس تقسیم کئے جائیں گے۔ 2022ء میں میرا گائوں میرا اسکول اور میری بستی میرا اسکول پروگرامس متعارف کئے گئے تاکہ دیہی و شہری علاقوں میں سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو شریک کیا جائے۔ اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے 7289 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں جس کے تحت 9123 اسکولوں میں مختلف کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ مڈمیل اسکیم سے 25 لاکھ طلبہ کو فائدہ پہنچا ہے۔ ریاست میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولوں کی تعداد 1232 ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 ہزار پرائمری اور 5 ہزار ہائی اسکولوں میں گورنمنٹ لائبریریز اور ریڈنگ کارنرس قائم کئے گئے۔ اس موقع پر قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندر ریڈی، ریاستی وزراء سبیتا اندرا ریڈی، سرینواس یادو، ارکان اسمبلی ایم گوپال، سرینواس ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ر