میرا گاؤں ، میرا اسکول اسکیم پر موثر عمل کی ہدایت ، وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/25فروری، ( سیاست نیوز) ریاست کے سرکاری اسکولوں میں بہتر تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے میرا گاؤں میرا اسکول اسکیم متعارف کی ہے تاکہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو بہتر تعلیم حاصل ہوسکے۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی توقع کے عین مطابق اسکیم پر عمل کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں کو کارپوریٹ طرز کی سہولتوں سے آراستہ کیا جائے۔ وزیر پنچایت راج نے عہدیداروں سے ورنگل ضلع کے مختلف علاقوں میں اسکیم پر عمل آوری سے متعلق تفصیلات طلب کی۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ، ارکان مقننہ اور مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں سے اسکیم کے بارے میں تجاویز اور صلاح و مشورے حاصل کئے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ اسکیم کا مقصد اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے کے علاوہ بنیادی سہولتیں جیسے فرنیچر، پانی، ٹائیلٹس کی فراہمی ہے۔ وزیر پنچایت راج نے کہا کہ اسکیم پر عمل آوری میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہر منڈل کو یونٹ کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے ہر سرکاری اسکول میں پانی، برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر شکایت ہے کہ سرکاری اسکولس بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں لیکن اسکیم کے آغاز کے بعد امید کی جارہی ہے کہ شکایت دور ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی قدیم عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے علاوہ نئی عمارتوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ عوام سے عطیات حاصل کرتے ہوئے بنیادی ضرورتوں کی تکمیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بہتر سہولتیں حاصل نہیں ہوںگی اس وقت تک بہتر نتائج کی امید نہیں کی جاسکتی۔ اس موقع پر گورنمنٹ چیف وہپ ڈی ونئے بھاسکر، ضلع پریشد چیرمین سدھیر کمار، رکن پارلیمنٹ پی دیاکر، ارکان مقننہ نرسا ریڈی، بنڈا پرکاش، دھرما ریڈی، اے رمیش، پی سدرشن ریڈی، این نریندر اور عہدیدار موجود تھے۔ ر