سرکاری اسکولوں میں ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ

   

سدی پیٹ۔19 فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع دفترکامپلیکس کے کانفرنس ہال میں پی ایم شری یوجنا کے تحت ضلع میں مختلف سرکاری اسکولوں میں جاری کاموں کی پیش رفت کے حوالے سے ضلع کلکٹر کے۔ ہیماوتی نے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں اور ای ڈبلیو آئی ڈی سی انجینئرنگ افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اس جائزہ اجلاس میں ضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں پی ایم شری یوجنا کے تحت 34 اسکولوں میں قائم کیے جا رہے سائنس لیبز، بیت الخلا اور بھوتی کیندروں کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔ متعلقہ سطح پر تعمیراتی کام مکمل کر کے فوری طور پر بل اَپ لوڈکیے جائیں۔ اسی طرح سمگرا شکشا کے تحت ضلع کے 22 کستوربا گاندھی ودیالیوں میں جاری کام بھی صد فیصد مکمل کیے جائیں اور متعلقہ سطح پر تعمیرات کے بل اپلوڈ کیے جائیں۔ ہر تعمیر کا معیار انتہائی اہم ہے، اس لیے کنٹریکٹر حضرات معیار کے اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کو تیزی سے مکمل کریں، اس ضمن میں انجینئرنگ افسران کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔اس جائزہ اجلاس میں ضلع تعلیمی آفیسر سرینواس ریڈی، سیکٹوریل آفیسر راماسوامی، ای ڈبلیو آئی ڈی سی کے اے ای حضرات اور دیگر متعلقہ افراد شریک ہوئے۔