سرکاری اسکولوں میں جدید طرزسے آراستہ تعلیمی سہولیات کی فراہمی

   

طلبہ سے استفادہ کی خواہش، ریاستی چیرمین ایجوکیشن اینڈ ویلفیر کارپوریشن آر سریدھر کا بھینسہ دورہ
بھینسہ : حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری اسکیم ہمارا گاؤں ہمارا اسکول کے تحت بھینسہ ڈیویڑن و تعلقہ میں جاری ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا جائزہ اور معائنہ کرنے کیلئے ریاستی چیرمین برائے ایجوکیشن اینڈ ویلفیر انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن آر سریدھر ریڈی نے بھینسہ ڈیویژن کا دورہ کیا جنکی بھینسہ آئی بی گیسٹ ہاؤز آمد پر مقامی رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی ضلعی ٹی آر ایس صدر کے علاوہ دیگر ٹی آر ایس قائدین جن میں ضلع پریشد نمائندہ نائب صدرنشین چیرمین بی راجننا ، اے ایم سی چیرمین پی کرشنا ، ٹاؤن جنرل سکریٹری ٹی رامو ، سید علی ہاشمی ، خالد خان کے علاوہ کوبیر منڈل نائب صدرنشین محی الدین اور ضلع نرمل ڈی ای گنگادھر ، ای ای اشوک ، تعلقہ اے ای محمد اسحاق اور دیگر نے شالپوشی کے ذریعہ استقبال کیا بعدازاں بھینسہ آئی بی گیسٹ ہاؤز میں ریاستی چیرمین برائے ایجوکیشن اینڈ ویلفیر انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن آر سریدھر ریڈی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت تلنگانہ سرکاری اسکولوں کو جدید طرز پر ترقی فراہم کرنے اور تعلیمی نظام کو مزید بہتر و مستحکم بنانے کیلئے ہمارا گاؤں ہمارا اسکول اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے ریاست کیلئے سات ہزار کروڑ کا بجٹ منظور کی جبکہ ضلع نرمل کے 260 سرکاری مدارس کیلئے 80 کروڑ 86 لاکھ 63 ہزار کے تحت بھینسہ ڈیویڑن و تعلقہ 112 اسکولوں کیلئے 39 کروڑ 54 لاکھ روپئے منظور کئے گئے جس سے سرکاری اسکولوں میں چھت ، دیوار ، کچن روم ، طہارت خانے ، بیت الخلاء ، ڈیجیٹل بورڈس کے علاوہ تمام تعمیراتی ترقیاتی و مرمتی کاموں کو انجام دیا جارہا ہے جو قابل ستائش ہے اور اسکی ملک کے دیگر ریاستوں میں نظیر نہیں ملتی انھوں نے بھینسہ ڈیویژن کے طلبہ اور اولیائے طلبہ سے خواہش کی ہے کہ حکومت تلنگانہ کی تعلیمی اسکیمات اور سہولیات سے مستفید ہونے اور جدید طرز کی ٹکنالوجی سے آراستہ تعلیم حاصل کرنے کیلئے سرکاری مدارس میں تعلیم حاصل کریں ۔ انھوں نے مرکزی بی جے پی حکومت کو بھی اس موقع پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کی تعلیمی اسکیمات اور سہولیات کو دیکھکر بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر غلط بیان بازی کرنے اور تلنگانہ ریاست کے ساتھ ناانصافی کرتے ہوئے مرکزی بجٹ منظور نہ کرنے کا بھی الزام عائد کیا بعدازاں ای ڈبلیو آئی ڈی سی چیرمین سریدھر ریڈی اور رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی کوبیر منڈل کیلئے روانہ ہوگئے ۔