وزراء اور ارکان اسمبلی کی شرکت، دسہرہ کے بعد تمام 27 ہزار اسکولوں میں اسکیم پر عمل
حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاست کے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو ناشتہ کی سربراہی سے متعلق چیف منسٹرس بریک فاسٹ اسکیم کا آج بڑے پیمانے پر آغاز عمل میں آیا۔ ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں نے شہر اور اضلاع کے منتخب سرکاری اسکولوں میں ناشتہ سربراہی اسکیم کا افتتاح کرتے ہوئے طلبہ کے ساتھ ناشتہ کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ رنگاریڈی ضلع میں اسکیم کا افتتاح کرنے والے تھے لیکن ناسازی مزاج کے سبب پروگرام تبدیل کردیا گیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے گورنمنٹ ہائی اسکول فار گرلز ویسٹ ماریڈ پلی میں ناشتہ سربراہی اسکیم کا آغاز کیا۔ انہوں نے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ناشتہ میں شریک ہوئے۔ کے ٹی آر نے ڈائننگ ہال پہنچ کر ناشتہ کے بارے میں طلبہ سے معلومات حاصل کی۔ طلبہ کو اڈلی سامبر، پوری، آلو قورمہ، اپما، چٹنی اور کیسر مٹھائی سربراہ کی گئی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ طلبہ کی بہتر تعلیم کیلئے حکومت نے صحت بخش غذاؤں کا انتظام کیا ہے۔ انہوں نے کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس کو ہدایت دی کہ ناشتہ کی تیاری اور سربراہی میں معیار کو برقرار رکھا جائے اور وقتاً فوقتاً معیار کا جائزہ لیتے رہیں۔ کے ٹی آر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ناشتہ میں دی جانے والی اشیاء کا ٹسٹ کرتے ہوئے ٹیچرس سے رپورٹ حاصل کریں۔ وزیر صحت ہریش راؤ اور وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے ضلع پریشد ہائی اسکول رویریال ضلع رنگاریڈی میں اسکیم کا افتتاح کیا۔ اسکیم کے آغاز کیلئے 119 اسمبلی حلقہ جات میں ایک، ایک اسکول کا انتخاب کیا گیا تھا اور دسہرہ کے بعد تمام سرکاری اسکولوں میں اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ حیدرآباد میں امیر پیٹ کے مقام پر ریاستی وزراء محمود علی اور ٹی سرینواس یادو نے ناشتہ سربراہی اسکیم کا افتتاح کیا۔ شہر کے دیگر اسمبلی حلقہ جات میں بی آر ایس اور مجلس کے ارکان اسمبلی نے پروگرام میں شرکت کی۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ دسہرہ کی تعطیلات کے فوری بعد ریاست کے تمام 27147 اسکولوں میں ناشتہ سربراہ کیا جائے گا اور روزانہ 23 لاکھ طلبہ اسکیم سے استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی تا دسویں جماعت کے طلبہ اسکیم کے دائرہ کار میں شامل کئے گئے ہیں۔ تمام ایام کار یعنی پیر تا ہفتہ روزانہ علحدہ ناشتہ سربراہ کیا جائے گا۔ اضلاع میں ریاستی وزراء اور بی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے پروگرام میں شرکت کی۔