سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس، اقامتی اسکولس اور جونیر کالجس کی صورتحال کا جائزہ
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سرکاری اسکولوں میں معیار تعلیم میں بہتری کے علاوہ بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانے اُن کی اوّلین ترجیح ہے۔ حکومت سرکاری اسکولوں میں بہتر تعلیم کے علاوہ بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کے اقدامات کررہی ہے۔ ٹیچرس کے لئے ٹریننگ پروگرامس کا اہتمام کیا گیا تاکہ اسکولوں کے نتائج بہتر ہوں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ریاست میں 561 نئے اسکولس قائم کئے گئے ہیں جہاں طلبہ کی تعداد 20 یا اُس سے زائد ہے۔ حکومت نے 20 طلبہ کے لئے نئے اسکول کے قیام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ چیف منسٹر نے سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سہولتوں پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری کورسیس سے متعارف کیا جائے تاکہ اُن میں تعلیم کے ساتھ ہنر بھی پیدا ہو۔ ہائی اسکول کی سطح سے طلبہ کو اسکل ڈیولپمنٹ کورسیس متعارف کیا جانا چاہئے تاکہ وہ آگے چل کر اُس شعبہ میں ترقی کرسکیں۔ چیف منسٹر نے ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیت کے لئے قائم کردہ اسکولس اور اقامتی جونیر کالجس میں بہتر سہولتوں کی فراہمی اور معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ سماج کے تئیں اُن کی ذمہ داریوں کے بارے میں باشعور بنایا جانا چاہئے۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی، حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے کیشو راؤ، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی، چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج، سکریٹری محکمہ تعلیم یوگیتا رانا، کمشنر ٹکنیکل ایجوکیشن سری دیوا سینا اور ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نرسمہا ریڈی نے شرکت کی۔1