سرکاری اسکولوں میں ناشتہ کی سربراہی اسکیم کا جمعہ سے آغاز

   

حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے تمام سرکاری اسکولوں میں 6 اکٹوبر سے طلبہ کو ناشتہ کی سربراہی اسکیم کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ رنگاریڈی ضلع کے سرکاری اسکول میں اسکیم کا آغاز کریں گے جس کے بعد تمام اسکولوں میں ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی موجودگی میں چیف منسٹرس بریک فاسٹ اسکیم کا آغاز ہوگا۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس کو اسکیم کے انتظامات کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق تمام سرکاری اسکول اسکیم میں شامل رہیں گے۔ ہر اسمبلی حلقہ سے ایک سرکاری اسکول کا انتخاب کرتے ہوئے اسکیم کے آغاز کا پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔شہری علاقوں میں ناشتہ کی اسکیم پر خانگی فاونڈیشن کے ذریعہ عمل کیا جائے گا جبکہ دیہی علاقوں میں سیلف ہیلپ گروپ کی اعانت سے عمل کیا جائے گا۔ ٹیلی کانفرنس کے موقع پر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمبلی انتخابات کے شیڈول کی امکانی اجرائی کے پیش نظر حکومت نے ناشتہ کی سربراہی اسکیم کی تاریخ مقررہ پروگرام سے قبل طئے کرلی ہے۔ ابتداء میں دسہرہ کے موقع پر اسکیم کے آغاز کا منصوبہ تھا۔ اسی دوران کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس نے حکام کو ہدایت دی کہ جمعہ سے تمام سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کیلئے ناشتہ کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کلکٹر حیدرآباد اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں تمام اسکولوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ سرکاری اور مجالس مقامی کے تحت رجسٹرڈ تمام اسکولوں میں ایام کار کے دوران ناشتہ فراہم کیا جائے گا۔ اسکیم کو طلبہ کیلئے دسہرہ گفٹ تصور کیا جارہا ہے۔ توقع ہے کہ اسکیم سے 43 ہزار سرکاری اسکولوں کے 30 لاکھ طلبہ استفادہ کریں گے۔انہوں نے بتکماں اسکیم کے تحت ساڑیوں اور اسپورٹس کٹس کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا۔