سرکاری اسکولوں میں پہلی تا 8 ویں انگلش میڈیم کی سفارش

   

حیدرآباد۔ 2 مارچ (پریس نوٹ) کابینی سب کمیٹی نے آئندہ تعلیمی سال سے ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں پہلی تا 8 ویں جماعتوں کے لئے انگریزی میڈیم متعارف کرنے کی ریاستی کابینہ سے سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینی سب کمیٹی کے آج منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا جس میں وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ وزراء کے ٹی راما راؤ، ہریش راؤ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ سب کمیٹی نے اس مسئلہ پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے اور ضروری رہنمایانہ خطوط وضع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اساتذہ کو خصوصی تربیت فراہم کریں۔ طلبہ کے لئے خصوصی کورسیس کی پیشکش کے لئے T-SAT کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ خانگی تعلیمی اداروں میں فیس کے قواعد سے متعلق قطعی فیصلہ سے قبل دیگر ریاستوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔