حیدرآباد 6نومبر(یواین آئی) تلنگانہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری اسکولوں میں موجود کمپیوٹر لیابس میں کام کرنے کمپیوٹر ٹیچرس کا تقرر کیاجائے ۔ ریاست میں پانچ یا اس سے زیادہ کمپیوٹر والے 2,837 اسکول ایسے ہیں جہاں نہ صرف کمپیوٹرس کا مناسب استعمال کیا جائے گا بلکہ طلبہ کو تربیت بھی دی جائے گی۔ نئے تقررات پورا کرنے تلنگانہ ٹکنالوجی سرویسس(ٹی جی ٹی ایس) کے ذریعہ تقررات کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ منتخب ہونے والوں کو ماہانہ 15,000 روپے بطور اعزازی تنخواہ دی جائے گی، جس کا ادائیگی دس ماہ کیلئے ہوگی اور اس کیلئے مکمل تربیتی فنڈس استعمال کئے جائینگے ۔ دو دہائیوں کے بعد، متحدہ ریاست میں تقریباً 20سال قبل تقریباً 4,200 سرکاری پرائمری، مڈل اور ہائی اسکولوں میں کمپیوٹرس فراہم کئے گئے تھے ۔ پانچ سال کی مدت کیلئے کمپیوٹر انسٹرکٹرس کو مقرر کیا گیا تھا لیکن انہیں ہٹا دیا گیا جس سے کمپیوٹرز بیکار ہو گئے ۔ تعلیم کے شعبہ نے بچوں میں تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنانے مصنوعی ذہانت کو استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا ۔جاریہ تعلیمی سال سے طلبہ کیلئے ریاضی اور سائنس کو بہتر سمجھنے چھٹی جماعت تا انٹر کلاسس کا آغاز کیا گیا ہے ۔