ضلع سرسلہ ، یلاریڈی پیٹ میں دو ہزار سے زائد طلبہ میں ٹیاب فونس کی تقسیم ، ریاستی وزیر کے ٹی آر کا خطاب
گمبھی راؤ پیٹ ؍ سرسلہ ۔ 28 فبروری ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے آج اپنے حلقہ اسمبلی سرسلہ کے یلاریڈی پیٹ کا دورہ کیا ، جہاں انھوں نے وعدے کے مطابق طلباء و طالبات میں زائد از دو ہزار ٹیاب فونس تقسیم کئے ۔ Gift a Smile پروگرام کے تحت ٹیاب فونس کی تقسیم کے دوران خود کے ٹی راما راؤ شہ نشین سے نیچے اُترکر طلبا و طالبات کے درمیان چلے گئے اور اُن سے ہاتھ ملاتے ہوئے سیلفی بھی لی ۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے اس موقع پر طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ سخت محنت و جستجو کے ذریعہ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنا اپنے ماں باپ اور اپنے گاؤں کا نام روشن کریں۔ کے ٹی راما راؤ نے طلبہ سے خواہش کی کہ وہ ان ٹیاب فونس کا غلط استعمال نہ کریں۔ واٹس اپ ، فیس بک استعمال کرنے کے بجائے جنرل نالج حاصل کریں اور مسابقتی امتحانات میں مقابلہ کرکے کامیابی حاصل کریں۔ کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندراشیکھر راؤ سرکاری اسکولز کو کارپوریٹ اسکول کے طرز پر ترقی دینے کیلئے ہمارا اسکول ہمارا گاؤں پروگرام کو متعارف کیا ہے ۔ جس کے تحت تلنگانہ بھر میں 26 ہزار اسکولز کو بنیادی ڈھانچہ کے ساتھ خوبصورت اور سہولیات سے آراستہ کیا جارہا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ ترقی کی طرف گامزن ہے ، ترقیاتی کاموں کے معاملے میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ راجننہ سرسلہ ضلع سوچھ سرویکشن گرامینا اسکیم کے تحت ملک بھر میں سرفہرست رہا۔ سرسلہ کے دو گرام پنچایت ایسے ہیں جنھیں اس اسکیم کے تحت ایوارڈ دیا گیا جس پر کے ٹی راما راؤ نے ضلع انتظامیہ بالخصوص کلکٹر سرسلہ انوراگ جینتی کو مبارکباد دی۔ کے ٹی راما راؤ نے اپنے خطاب میں حلقہ اسمبلی ویملواڑہ کے طلبہ و طالبات کیلئے بھی آئندہ دنوں مزید تین ہزار ٹیاب فونس فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ آکاش ازجوس سافٹ ویئر ٹیاب فونس جن کی قیمت 86,000 روپئے ہیں طلباء و طالبات کو فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ اُنھیں تعلیم کے دوران سہولت مل سکے ، کے ٹی آر نے اپنے اس دورے کے موقع پر کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح و سنگ بنیاد بھی رکھا ۔ یلاریڈی پیٹ میں 40 لاکھ روپیوں کی لاگت سے تیار کردہ Old Age Home ، بزرگوں کی دیکھ بھال کے مرکز کا بھی افتتاح انجام دیا ۔ جہاں تمام تر سہولتیں دستیاب ہیں ۔ اس Old Age Home مرکز کو تلنگانہ کا پہلاOld Age Home مرکز قرار دیا جارہا ہے جہاں پر ہر وہ سہولت دستیاب ہے ۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرپرسن ارونا راگھوا ریڈی ، ضلع کلکٹر انوراگ جینتی ، ٹیسکواپ چیرمین راویندر راؤ ، ضلع ایس پی اکھل مہاجن وغیرہ موجود تھے ۔