ضلع پریشد اسکول سدی پیٹ میں مفت ٹیوشن و اسناکس کی افتتاحی تقریب سے ٹی ہریش راؤ کا خطاب
سدی پیٹ۔/25 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ہیڈکوارٹر سدی پیٹ کے ضلع پریشد ہائی اسکول اندرا نگر میں مفت ٹیوشن و اسناکس کا آج وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے آغاز کیا۔ تفصیلات کے بموجب سدی پیٹ ٹاؤن میں واقع ضلع کاٹاپ ون سرکاری انگریزی میڈیم ZPHS اندرا نگر میں زیر تعلیم طلبہ کے تعلیمی معیار میں مزید اضافہ کی غرض سے وزیر ہریش راؤ کی پہل سے اسکول ہذا میں ٹیوشن کا نظم کیا گیا۔ ونیز طلبہ کو ڈریل، اسکول کے درمیانی وقت میں متوازن و صحت بخش اسناکس کا بھی روزانہ نظم رکھا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو نصیحت کی کہ محنت و سچی لگن کے ساتھ امتحانات میں اول مقام حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں تلنگانہ حکومت سرکاری مدارس کے اعتماد کو بحال کرنے کے لئے کئی ایک قابل عمل اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں یہی پہلا منفرد اقدام ہے جو سدی پیٹ سے شروع ہوا ہے۔