سرکاری اسکولوں کے بچوں کو ہر ماہ 1500روپئے وظیفہ:پرینکا

   

بی جے پی حکومت لوٹ مار میں مصروف ، مدھیہ پردیش میں جن آکروش ریالی سے خطاب
منڈلا : مدھیہ پردیش انتخابات میں کانگریس نے بڑا داؤ لگایا ہے۔ منڈلا میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کئی بڑے اعلانات کردیئے۔انہوں نے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ ہم تمام اعلانات کو پورا کریں گے۔ انہوں نے قبائلیوں سے وعدہ کیا ہے کہ چھتیس گڑھ کی طرح مدھیہ پردیش میں بھی ٹنڈو پتی جمع کرنے والوں کو فی بوری 4000 روپے دیں گے۔اس کے ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے جس گیم چینجر کا اعلان کیا ہے، اس کا نام پڑھو اور پڑھاؤ اسکیم ہے۔ اس کے تحت سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کو 500 سے 1500 روپے تک کی رقم دی جائے گی۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہماری حکومت پہلی سے آٹھویں جماعت کے بچوں کو ہر ماہ 500 روپے دے گی۔ اس کے ساتھ آٹھویں سے دسویں جماعت تک کے بچوں کو ہر ماہ 1000 روپے دیے جائیں گے۔اس کے علاوہ 11ویں سے 12ویں تک کے بچوں کو ہر ماہ 1500 روپے ملیں گے۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعرات کو مدھیہ پردیش کے منڈلا ضلع میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا اور بی جے پی کی ریاستی حکومت پر سخت تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی روایت دیکھیں، جنگلات کے حقوق کا قانون آپ کے لیے بنایا تاکہ جنگلات پر پہلا حق آپ کا ہو کیونکہ یہ آپ کی ثقافت ہے۔ اس کی حفاظت اور اسے مضبوط کرنا حکومت کا فرض ہے۔ جن آکروش ریالی سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ لوگ روزگار کے لیے ریاست چھوڑ رہے ہیں۔ بی جے پی 18 سال سے اقتدار میں ہے اور روزگار کے مواقع پیدا نہیں ہوئے۔