وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا جائزہ اجلاس، 12 جون سے تلنگانہ میں اسکولوں کی کشادگی
حیدرآباد۔/3مئی، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ریاست کے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو حکومت کی جانب سے مفت ورک بکس اور نوٹ بکس فراہم کئے جائیں گے۔ پرائمری اسکولس کے طلبہ میں ورک بکس اور ہائی اسکول کے طلبہ میں نوٹ بکس کی مفت تقسیم کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محکمہ تعلیم میں مزید سہولتوں کی فراہمی کیلئے اہم فیصلے کئے ہیں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے سکریٹریٹ میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو مفت کتابوں کی سربراہی سے 24 لاکھ طلبہ کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ورک بکس اور نوٹ بکس اسکولوں کی کشادگی تک تیار کرلئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ وزیر تعلیم کے مطابق ریاست میں طلبہ کیلئے ہمہ لسانی نصابی کتب بھی اسکولوں کے آغاز تک تیار کرلئے جائیں گے۔ گذشتہ سال نصابی کتب کی تقسیم کیلئے 132 کروڑ خرچ کئے گئے تھے جبکہ آئندہ تعلیمی سال کیلئے 200 کروڑ خرچ کرتے ہوئے طلبہ کو مفت نصابی کتب سربراہ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 150 کروڑ کے خرچ سے سرکاری اسکولوں کے تمام طلبہ کو یونیفارم کے دو جوڑے فراہم کئے جائیں گے اور یہ اسکولوں کے آغاز سے ہی دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اسکولوں کا آغاز 12 جون سے ہوگا۔ اسکولوں میں طلبہ کے داخلوں کو یقینی بنانے کیلئے بڈی باٹا پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں عوامی نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ نوٹ بکس اور نصابی کتابوں کی تقسیم کے علاوہ یونیفارمس کی تقسیم کے موقع پر مقامی ارکان اسمبلی اور دیگر عوامی نمائندوں کی شمولیت کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی آمد کے موقع پر طلبہ کے سرپرستوں کو بھی مدعو کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے آغاز کے دن تمام اسکولوں میں تہوار کی طرح منانے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میرا گاؤں، میرا اسکول پروگرام کے تحت شروع کئے گئے کاموںکو جون کے پہلے ہفتہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جائزہ اجلاس میں سکریٹری محکمہ تعلیم وی کرونا، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن دیوا سینا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر