حیدرآباد۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نے سرکاری، لوکل باڈی، ماڈل اسکولس، کے جی بی وی ، اقامتی اسکول سوسائٹیوں اور سرکاری امدادی اسکولوں کے تمام ٹیچرس کو چہارشنبہ سے نصف یوم تک اسکول میں حاضر رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کی جانب سے ایک سرکیولر جاری کیا گیا جس کے تحت ٹیچرس اسکولوں میں تعلیمی سال 2020-21 کیلئے حاضر رہیں گے۔ سابق میں خانگی اسکولوں کے ٹیچرس کو بھی چہارشنبہ سے صبح 8 تا 12:30 بجے دن حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی۔ خانگی انتظامیہ نے ان احکامات کی مخالفت کی اور کہا کہ اسکول انتظامیہ ٹیچرس کی تنخواہوں کو کس طرح ادا کرے گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نصف دن تک ٹیچرس سے کیا خدمات حاصل کی جائیں گی اور کون ان کی تنخواہ ادا کرے گا۔ تلنگانہ مسلمہ اسکولوں کے انتظامیہ نے کہا کہ وہ اپنے ٹیچرس کو اسکول طلب نہیں کریں گے کیونکہ وہ تنخواہوں کی ادائیگی کے موقف میں نہیں ہیں۔