می۔سیوا مراکز پر سہولت، راشن اور دیگر اسکیمات کے استفادہ کنندگان کا پتہ چلانے کی کوشش
حیدرآباد ۔11۔ ستمبر (سیاست نیوز) سرکاری اسکیمات سے استفادہ کیلئے راشن کارڈ ہولڈرس کو KYC اپ ڈیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے راشن کارڈ پر غذائی اجناس کی سربراہی کے علاوہ دیگر اسکیمات کے سلسلہ میں حکومت نے KYC اپ ڈیٹ کو انجام دینے کے لئے تمام اضلاع میں سیول سپلائیز عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ آروگیہ شری اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت سے متعلق کارڈ کی اجرائی کا تاحال آغاز نہیں ہوا ہے لیکن عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آروگیہ شری کارڈ کیلئے وائیٹ راشن کارڈ ہولڈرس کو کے وائی سی اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے ۔ حکومت نے راشن شاپ پر کے وائی سی اپ ڈیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا تیقن دیا لیکن راشن شاپس کے ذمہ دار عوام کو می۔سیوا مراکز سے رجوع ہونے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ سفید راشن کارڈ کے ہیڈ آف فیملی اور دیگر ارکان خاندان کے آدھار کارڈ کے ذریعہ کے وائی سی اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے جس کے لئے می۔سیوا مراکز 50 روپئے فیس وصول کر رہے ہیں۔ اگر یہ سہولت راشن شاپ ڈیلرس کی جانب سے فراہم کی جائے تو عوام مفت کے وائی سی اپ ڈیٹ کرسکتے ہیں۔ سرکاری اسکیمات کے فوائد حقیقی معنوں میں غریبوں تک پہنچانے کیلئے حکومت نے کے وائی سی اپ ڈیٹ کو لازمی قرار دیا ہے۔ محکمہ سیول سپلائیز کے مطابق راشن کارڈ میں موجود ہر شخص کے نام کو کے وائی سی سے اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقہ کی راشن شاپ سے رجوع ہوں جہاں کے وائی سی اپ ڈیٹ کے لئے ای پاس مشن فراہم کی گئی ہے۔ محکمہ سیول سپلائیز کے ضلعی عہدیداروں اور تحصیلداروں نے راشن شاپ ڈیلرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ راشن کارڈ ہولڈرس کو کے وائی سی اپ ڈیٹ کی اہمیت اور ضرورت سے واقف کرائیں۔ حکومت نے کے وائی سی اپ ڈیٹ کے لئے کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی ہے لیکن کارڈ ہولڈرس کیلئے بہتر ہوگا کہ وہ جلد از جلد یہ کام مکمل کرلیں۔ کے وائی سی اپ ڈیٹ کی عدم تکمیل پر راشن شاپ سے اناج اور دیگر اشیاء کی سربراہی بھی نہیں ہوگی۔ راشن کارڈ میں مرنے والے افراد کے ناموں کی شمولیت کا پتہ چلانے کیلئے کے وائی سی کو لازمی قرار دیا گیا تاکہ حکومت کے راشن کے حقیقی استفادہ کنندگان کا تعین کیا جاسکے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ لڑکیاں شادی کے بعد منتقل ہوجاتی ہیں لیکن ان کے نام راشن کارڈ میں برقرار ہیں، کے وائی سی اپ ڈیٹ کے ذریعہ غیر ضروری ناموں کو نکالنے میں حکومت کو مدد ملے گی۔ غریب اور خاص طور پر سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کو وائیٹ راشن کارڈ لازمی طور پر حاصل کرنا چاہئے کیونکہ سرکاری اسکیمات کے فوائد کے لئے راشن کارڈ کو لازمی کیا گیا ہے۔ وائیٹ راشن کارڈ خود اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ خاندان غریب اور مستحق ہے۔ حکومت نے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کیلئے موصولہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں درخواست گزار متعلقہ ضلع کلکٹر یا سیول سپلائیز عہدیداروں سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ کے وائی سی اپ ڈیٹ کے لئے می۔سیوا مراکز پر عوام کی کثیر تعداد دیکھی جارہی ہے ۔