سرکاری اسکیمات سے دیہاتوں میں بہتر تبدیلی

   

سوریا پیٹ میں ترقیاتی کاموں کا آغاز، ریاستی وزراء جگدیش ریڈی اور دیاکر راؤ کا خطاب

سوریاپیٹ۔ سوریاپیٹ کے اے پور میں ریاستی وزراء جگدیش ریڈی اور ای دیاکر راؤ نے دیہی و شہری ترقیاتی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے مختلف کاموں کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر برقی جگدیش ریڈی اور وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے کہا کہ سرکاری اسکیمیں انتہائی شفاف طریقے سے لوگوں تک پہنچ رہی ہیں۔ تمام دیہاتوں میں بہترین تبدیلی نظر آ رہی ہے۔ بی جے پی اور کانگریس پارٹیوں کی پالیسی ملک کے تمام باشندوں کو غریب بنانا ہے۔ ورنگل ڈیکلریشن کا اعلان کرنے والی پارٹی کو اب گائوں میں ہونے والی ترقی پر بحث کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں تلنگانہ تباہ ہوگیا تھا۔کانگریس نے کبھی ترقی پر توجہ نہیں دی۔ کانگریس صرف ووٹوں کی سیاست کرتی ہے ٹی آر ایس حکومت سیاست سے بالاتر ہو کر ترقی کر رہی ہے۔ سوریا پیٹ میں سابقہ قائدین کی قیادت میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ ای دیاکر راؤ نے کہا کہ مجھے صرف دو لیڈر این ٹی آر اور کے سی آر پسند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امدادی پنشن سے بزرگوں کی عزت نفس میں اضافہ ہوا ہے۔ بلند بانگ دعوے کرنے والی بی جے پی کی زیر اقتدارگجرات میں وظیفہ بند کردیا گیا ہے جبکہ تلنگانہ میں ہم بلا پس و پیش دے رہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس قائدین سے سوال کیا کہ جن ریاستوں میں کانگریس برسر اقتدار ہے وہاں کسانوں اور دیگر طبقات کے لئے تلنگانہ طرز کی اسکیمیں کیوں نافذ نہیں کی جارہی ہیں؟ دیاکر راؤ نے وزیر جگدیش ریڈی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کالیشورم کے پانی کو سوریا پیٹ ضلع تک پہنچانے کے لئے سخت محنت کی ہے۔ سوریاپیٹ اور نلگنڈہ میں انہوں نے میڈیکل کالج کے قیام سے عزت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے دیاکر راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ کانگریس اور بی جے پی کو نظر انداز کریں جو ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا بی لنگیا یادو، صدر نشین ضلع پریشد جی دیپیکا ل، ضلع کلکٹر سوریاپیٹ ٹی ونئے کرشنا ریڈی ودیگر موجود تھے ۔