سرکاری اسکیمات غریبوں کیلئے ہیں نہ کہ داماد کیلئے!: سیتارامن

   

نئی دہلی : وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے راجیہ سبھا میں بجٹ مباحث پر جواب دیتے ہوئے الزام عائد کیاکہ اپوزیشن جماعتوں کی عادت بن گئی ہے کہ حالات کو اِس طرح سے پیش کیا جائے کہ جیسے کچھ بھی کام نہیں کیا جارہا ہے۔ جبکہ غریبوں کے لئے ہماری حکومت نے بہت کچھ کیا ہے۔ ہم مختلف اسکیمات کو روبہ عمل لارہے ہیں۔ مختلف مسائل پر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کرنے والی کانگریس پر طنز کرتے ہوئے وزیر فینانس نے کہاکہ ہماری حکومت کی اسکیمات کا فائدہ غریبوں اور متوسط طبقات کو ہورہا ہے نہ کہ کرونی کیپٹلسٹ یا پھر داماد کو۔ انھوں نے کہاکہ پردھان منتری مدرا یوجنا کا فائدہ کسے مل رہا ہے؟ داماد کو مل رہا ہے؟ تاہم کانگریس کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے بعد کہاکہ داماد گھر میں ہوتا ہے مگر ہندوستانی قومی کانگریس میں داماد ایک مخصوص نام ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ اُن کی حکومت سماج کے ہر طبقہ کیلئے کام کررہی ہے جبکہ جوڑ توڑ کرنے والے سرمایہ دار کا الزام لگانا بے بنیاد ہے۔