ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی کا اجلاس، سومیش کمارکا خطاب
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری تلنگانہ سومیش کمار نے اسٹیٹ لیول بینکرس کمیٹی کے اجلاس میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شرکت کی۔ چیف سکریٹری نے کورونا وباء کے باوجود سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں بینکوں کے تعاون کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی حکومت بینکوں سے بہتر توقعات رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کے ذریعہ کسانوں کی معاشی ترقی میں اہم رول ادا کیا جارہا ہے۔ چیف سکریٹری نے بینکوں سے خواہش کی کہ وہ پام آئیل کی کاشت کے سلسلہ میں 8 لاکھ ایکر کے نشانہ کی تکمیل کریں۔ چیف سکریٹری نے سڑکوں پر کاروبار کرنے والے چھوٹے تاجروں کی مدد کے سلسلہ میں بینکوں کی ستائش کی اور کہا کہ اس اسکیم میں تلنگانہ نمبر ون ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 274472 استفادہ کنندگان میں امداد تقسیم کی گئی ہے۔ انہوں نے مابقی درخواستوں کی جلد یکسوئی کی خواہش کی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ دھرانی پورٹل سے متعلق مسائل کو جلد ہی حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بینکرس سے خواہش کی کہ چیف منسٹر کی شیڈولڈ ٹرائیب انٹر پرینور شپ پروگرام کی کامیابی میں اہم رول ادا کریں۔ ویڈیو کانفرنس میں پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، پرنسپل سکریٹری زراعت جناردھن ریڈی، اسپیشل سکریٹری فینانس رونالڈ راس، چیف جنرل منیجر ایس بی آئی او پی مشرا ، ایس ایل بی سی کے صدر ڈاکٹر ایم ستیہ نارائنا، میپما کے منیجنگ ڈائرکٹر سندر رام شنکر اور دیگر بینکوں کے نمائندے شریک تھے۔