حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے حکومت کی مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں جائزہ لیا۔ انہوں نے ریاست میں سماجی پنشن کی اجرائی کے معاملہ میں متوفی افراد کی بیواؤں کو پنشن کے دائرہ کار میں شامل کرنے کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے کسانوں کیلئے قرض کی معافی، کھاد کی تقسیم، جی او 58 پر عمل آوری، گروہا لکشمی آسرا پنشن، غریبوں کو امکنہ اراضی کی تقسیم، ہریتا ہرم، گرام پنچایت عمارتوں کی تعمیر اور دیگر امور کا ضلع کلکٹر کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری ریوینیو نوین متل، پرنسپل سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری زراعت رگھویندر راؤ، سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ راہول بوجا، سکریٹری آر اینڈ بی وجیندر، کمشنر پنچایت راج ہنمنت راؤ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف سکریٹری نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سماجی پنشن کی منظوری کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو قرض معافی کیلئے حکومت نے 19446 کروڑ منظور کئے ہیں۔ قرض معافی اسکیم پر عمل آوری جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی کیلئے حکومت کی جانب سے کئی اقدامات کئے گئے۔
غریبوں کو جی او 58 کے تحت مکانات کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی۔ اس اسکیم کے تحت نوٹری سے متعلق دستاویزات کو باقاعدہ بناتے ہوئے رجسٹریشن کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے جی او 58 کے تحت درخواستوں کی اندرون ایک ہفتہ یکسوئی کرنے کی ہدایت دی۔ ریاست میں 5707 گرام پنچایتوں کی نئی عمارتوں کی تعمیر کو منظوری دی گئی ہے۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ تعمیری کاموں کی جلد تکمیل کریں۔