کریم نگر میں مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس، رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجئے کا خطاب، مرکزی فنڈ کیلئے کوشش کا تیقن
کریم نگر :سرکاری اسکیمات کی عمل آوری و کریم نگر پارلیمانی حلقہ کی ترقی کے لئے عہدیداروں و عوامی نمائندوں کو باہمی تعاون سے اقدامات کرنے کی رکن پارلیمنٹ دیشا چئیرمین بنڈی سنجئے کمار نے ہدایت دی کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلع دیہی ترقی ادارے کے زیر قیادت منعقدہ مانیٹرنگ کمیٹی اجلاس (دیشا) میں رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجئے نے شرکت کی۔ اس موقع پر دیشا چئیرمین بنڈی سنجئے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کریم نگر پارلیمانی حلقہ میں مرکزی و ریاستی اسکیمات کی عمل آوری کے لئے عہدیداران و عوامی نمائندے باہمی تعاون سے اقدامات کریں۔ انہوں نے حلقہ کی ترقی کے لئے مرکزی حکومت سے فنڈز کی اجرائی کے لئے بھر پور کوشش کاتیقن دیا ۔ انہوں نے اسکیمات متعلقہ عوام میں شعور بیداری کرنے ، اسکیمات کی عمل آوری سے متعلق جائزے کیلئے فیلڈ ویزٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ بعد ازاں محکمہ واری زیر عمل مرکزی اسکیمات کے متعلقہ عہدیداران سے تبادلہ خیال کیا ۔ ضلع کلکٹر کریم نگر آر وی کرنن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں کورونا کے انسداد کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے۔ کوویڈ پہلی ، دوسری خوراک ٹیکہ اندازی کی صد فیصد تکمیل پر ضلع کو ریاستی سطح پر پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ اس ضمن میں ضلع کلکٹر نے کوویڈ ٹیکہ اندازی پروگرام کی کامیابی پر محکمہ صحت ، ضلع پرجا پریشد ، پنچایتی عہدیداروں کی ستائش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ہاسپٹل میں مریضوں کے لئے سہولیات کی فراہمی و آکسیجن کی وافر مقدار کی دستیابی کے لئے دو آکسیجن پلانٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ مرکزی و ریاستی فنڈز کو زیر استعمال لاتے ہوئے کریم نگر اسمارٹ سٹی کے کاموں میں تیزی لائی جارہی ہے۔ ضلع کلکٹر نے مرکزی و ریاستی اسکیمات کی ضلع میں مؤثر انداز میں عمل آوری کا تیقن دیتے ہوئے تفصیلات پیش کئے۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر جی۔ وی شیام پرساد لال ، ایڈیشنل کلکٹر مجالس مقامی گریما اگروال ، عہدیدار برائے دیہی ترقی سریلتا ، ضلع پریشد ڈپٹی سی ای او پون ، ضلع پنچایتی عہدیدار ویرا بوچیا ، ضلع عہدیدار برائے صحت و طبابت ڈاکٹر جویریہ، ضلع ویلفیر عہدیدار پدماوتی ، ضلع مہتمم تعلیمات جناردھن راؤ ، سرکاری ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رتنامالا ، محکمہ انڈسٹریز جنرل مینیجر نوین و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔