نائب صدرنشین پلاننگ بورڈونود کمار کا مختلف عہدیداروں سے جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے آج سنٹر فار اکنامک اینڈ سوشیل اسٹڈیز میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں سنٹر کے ڈائرکٹر پروفیسر ریوتی حکومت کے مشیر برائے معاشی امور ڈاکٹر جی آر ریڈی ، ڈائرکٹر اسٹاٹسٹیکلس سدرشن ریڈی ، ڈائرکٹر پلاننگ شیخ میراں ، فشریز کے ماہر پی رویندر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں زراعت ، آبپاشی ، فوڈ پروسیسنگ ، فشریز اور دیگر شعبہ جات کے علاوہ حکومت کی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا ۔ مختلف اسکیمات کی تیاری میں پلاننگ بورڈ کے رول کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ حکومت کو سروے اور اعداد و شمار کی پیشکشی میں مکمل احتیاط کریں کیونکہ عہدیداروں کے سروے کے مطابق اسکیمات تیار کی جاتی ہیں۔ پروفیسر ریوتی نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ سنٹر فار اکنامک اینڈ سوشیل اسٹڈیز کی کارکردگی سے واقف کرایا ۔ بی ونود کمار نے اس موقع پر کہا کہ کالیشورم پراجکٹ ملک کا ایک منفرد پراجکٹ ہے جس کے ذریعہ تلنگانہ میں خشک سالی کے مسئلہ کی مستقل طور پر یکسوئی کردی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سال میں دو مرتبہ فصلوں کو پانی کی سربراہی حکومت کا مقصد ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ کسانوں کو ایسی فصلوں کے بارے میں حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے جن کی مارکٹ میں ڈیمانڈ ہے تاکہ انہیں بہتر فائدہ حاصل ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 3000 ایکر پر موجود سریکلچر کو 11000 ایکر تک توسیع دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی غذا کے استعمال کے رجحان میں تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے نقصانات پر شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فصل بیمہ اسکیم کے خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہورہے ہیں۔ انہوں نے رعیتو بندھو اسکیم پر کامیابی سے عمل آوری کا ذکر کیا اور کہا کہ جو کسان امدادی رقم سے محروم ہیں انہیں جلد از جلد اسکیم کے دائرہ میں شامل کیا جائے ۔ ونود کمار نے آبپاشی پراجکٹس کے تحت محبوب نگر میں کئے گئے اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ فوڈ پراسیسنگ کے شعبہ میں حکومت کو تجاویز پیش کریں۔ حکومت کے مشیر کے آر ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ فینانس اور دیگر شعبہ جات کے بارے میں حکومت کو تجاویز پیش کریں۔