حیدرآباد۔/10 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے حیدرآباد میں غریبوں کو مکانات کی مرمت کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ جواہر لال نہرو نیشنل اربن رینیوبل مشن اور والمیکی امبیڈکر آواس یوجنا اسکیمات کے تحت حیدرآباد میں غریبوں کو الاٹ کردہ مکانات کی ابتر حالت ہے اور حکومت نے تعمیری و مرمتی کاموں کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ کے ٹی آر نے گریٹر حیدرآباد حدود کے ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں ایچ ایم ڈی اے کو فنڈز فراہم کرتے ہوئے مرمتی کاموں کی انجام دہی کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی نے مکانات کی ابتر صورتحال سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو واقف کرایا ہے اور کے سی آر نے 100 کروڑ روپئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا۔ ریاستی حکومت شہری علاقوں کے غریبوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر پر 9100 کروڑ خرچ کررہی ہے۔ حکومت نے بنڈلہ گوڑہ اور دیگر مقامات پر جے این این یو آر این اور وامبے کالونیوں میں مکانات کی مرمت کا فیصلہ کیا ہے تاکہ غریب بہتر سہولتوں کے ساتھ قیام کرسکیں۔